سندھ حکومت نے رواں برس منعقد کی جانے والی 35ویں نیشنل گیمز میں شریک کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے منعقدہ اجلاس میں 35ویں نیشنل گیمز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس اجلاس میں وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عابد قادری، سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سوئٹزر لینڈ کی فٹبال ٹیم کا حصہ بننے والا یہ پاکستانی نژاد کھلاڑی کون ہے؟
اجلاس میں نیشنل گیمز کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کے لیے مختلف اسٹیڈیمز کے دورے کرنے سمیت شریک کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں نیشنل گیمز کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے اور گیمز کی ٹارچ ریلے کے افتتاح کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مدعو کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز کی گولڈ میڈلسٹ 2 خواتین سمیت 5 کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکل آئے
اس موقع پر صدر پاکستان اولمپک سید عابد قادری نے کہا کہ نیشنل گیمز کی تاریخوں کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائے گا اور گیمز کے دوران سیکیورٹی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ اسکاؤٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔