پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات رات گئے اڈیالہ جیل کے دورے پر پہنچ گئے، دورے کے موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بیرک پر مامور جیل عملے سے بات چیت کی، اور دیگر معاملات پر بریفنگ لی۔
آئی جی جیل خانہ جات نے رات گئے اپنے دورے کے دوران جیل میں پیغام رسانی کے آلات جن میں موبائل فون، انٹرنیٹ، وائی فائی وغیرہ شامل ہیں کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے جیل کے حکام سے زیر سماعت مقدمات اور قیدیوں کے متعلق ریکارڈز کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔
مزید پڑھیں: ڈپٹی سپرنٹینڈینٹ اڈیالہ جیل کی گمشدگی کے حوالے سے عمران خان کا نیا انکشاف
پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے رات گئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیرک پر مامور جیل عملے سے بات چیت کی اور کچھ ہدایات بھی دیں۔
خیال رہے گزشتہ روز محکمہ جیل خانہ جات نے گریڈ 17 کے علی امیر شاہ کو ایڈیشنل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تعینات کردیا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ امیر شاہ کی تعیناتی پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974 کی شق 9 کے تحت کی گئی۔
گریڈ 17 کے سبطین شاہ کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو اڈیالہ جیل تعینات کردیا گیا، اسی طرح بشریٰ بی بی کے لیے گریڈ 16 کی خاتون آفیسر زیب النساء کو لیڈی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تعینات کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے اہل خانہ کو سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کا حکم
محکمہ جیل خانہ جات کے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن کے بعد تینوں افسران نے فوری طور پر چارج سنبھال لیا ہے۔
واضح رہے کہ 3نئے افسران علی امیر شاہ کو ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ جیل، عامر فیاض بھٹی کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایجوکیشن اور جماعت علی کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل تعینات کیا گیا ہے۔