کراچی کے علاقے لانڈھی میں انسانی حقوق کی آڑ میں منشیات فروشی اور اسمگلنگ میں ملوث این جی او ارکان کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
اینٹی نارکوٹک فورس کے حکام کے مطابق، این جی او کی آڑ میں منشیات فروشی میں ملوث گروہ کو انتہائی مہارت اور ٹیکنیکل بنیادوں پر سرغنہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ: منشیات کا سراغ لگانے والے تربیت یافتہ کتے کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا
دوران تفتیش ملزمان نے کراچی کی معروف یونیورسٹیوں اور ہاسٹلز میں طلبا کو منشیات کی فروخت کا انکشاف کیا ہے۔ گروہ خاتون کے ذریعے کراچی، حیدرآباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں طلبا کو منشیات فروش کرتا تھا۔
اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر خاتون کو گرفتار کرلیا جو ٹنڈو آدم سے منشیات لے کر آرہی تھی، خاتون کو کراچی پہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا، ملزمہ کی نشاندھی پر دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں: ایک ٹن 74 کلو گرام منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ سے 400 گرام اور اس کے ساتھی ملزم سے 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے، دونوں ملزمان سے تفتیش کے بعد گروہ کے سرغنہ کو بھی غیرقانونی اسلحہ اور منشیات سمیت گرفتارکرلیا گیا ہے۔
اے این حکام کے مطابق، تینوں ملزمان سے مجموعی طور پر ڈیڑھ کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے، ملزمان کے زیراستعمال گاڑی کی تلاشی کے دوران مختلف پریس کارڈز، پریس مونو گرام اور جعلی نمبر پلیٹیں بھی برآمد ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: فون کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والا گروہ پکڑا گیا
دوران تفتیش ملزمان نے حیدرآباد میں بھی منشیات اسمگلنگ کا انکشاف کیا ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔