سمندی طوفان ’اسنیٰ‘ کراچی سے دور ہوگیا، اب فاصلہ کتنا ہوگیا؟

ہفتہ 31 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ کراچی سے دور ہونا شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، بحیرہ عرب میں 48 سال بعد بننے والے سمندری طوفان اسنیٰ کا کراچی سے فاصلہ بڑھ کر تقریباً 200 کلومیٹر ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے چھٹے الرٹ کے مطابق، سمندری طوفان اسنیٰ گزشتہ 6 گھنٹے کے دوران مغرب کی طرف بڑھا، جس کے بعد اس کا کراچی سے فاصلہ اب تقریباً 200 کلومیٹر ہوگیا ہے جبکہ ٹھٹھہ سے اس کا فاصلہ 180 کلومیٹر ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ کراچی سے 120 کلومیٹر دور، سندھ اور بلوچستان کے لیے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 9 گھنٹے کے دوران طوفان کا رخ مزید مغرب کی جانب بڑھا اور اب یہ کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 200 کلومیٹر، اورماڑہ سے 220 کلومیٹر اور گوادر سے 380 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

جاری الرٹ کے مطابق، طوفان کے زیراثر کراچی ڈویژن، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، جامشورو او سندھ کے دیگر اضلاع میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں سمندری طوفان، شدید بارشوں کی پیشگوئی، اسکول بند

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حب، لسبیلہ، آوران، کیچ اور گودار میں کل رات تک موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں، شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔

الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر بہت زیادہ ناہموار رہنے کا امکان ہے جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بحیرہ عرب میں ممکنہ طوفان کے باعث ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری   

واضح رہے کہ گزشتہ رات محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ بننے کے حوالے سے پانچواں الرٹ جاری کیا تھا جس کے مطابق طوفان  کا کراچی سے فاصلہ تقریباً 120 کلومیٹر جبکہ ٹھٹھہ سے 180 کلومیٹر رہ گیا تھا۔ الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ بلوچستان کے ساحلی مقام اورماڑہ سے طوفان ’اسنیٰ‘ کا فاصلہ 250 کلومیٹر جبکہ گوادر سے 440 کلومیٹر رہ گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp