اگست 2024ء میں بالی ووڈ کی بڑی اور کامیاب فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں ہارر فلم ’سٹری 2‘، رومینٹک تھرلر ’کھیل کھیل میں‘ اور ’اوروں میں کہا دم تھا‘ کو سینما گھروں میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ستمبر میں بھی ایسی کئی فلموں کی لائن لگی ہے جن کا لوگ بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔ ذیل میں ماہ ستمبر میں ریلیز کی جانے والی چند اہم بالی ووڈ فلموں کا تعارف پیش کیا گیا ہے:
یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوت ایک بار پھر بالی ووڈ پر برس پڑیں، وجہ کیا ہے؟
دی بکنگھم مرڈرز
اس فلم کے نام سے ہی اندازہ ہورہا ہے کہ یہ فلم قتل کی تحقیقات کے بارے میں ہے۔ اس فلم میں کرینہ کپور ایک ماں اور ڈیٹیکٹو سارجنٹ جسمیت بھمرا کا کردار ادا کررہی ہیں۔ فلم میں کرینہ کپور ایک 10 سالہ بچے کے قتل کی تحقیقات کرتی نظر آئیں گی۔ یہ فلم 13 ستمبر کو سینیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
دیوارا (پارٹ 1)
بالی ووڈ میں کامیابی کے بعد اداکار سیف علی خان اور ایکٹرس جھانوی کپور نے تیلگو فلم ’دیوارا‘ کے ذریعے ٹالی ووڈ میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ ایکشن سے بھرپور اس فلم میں زمانہ قدیم میں ساحلی پٹی کے قریب رہنے والے قبائل کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس فلم کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے تاہم فلمساز نے اس اس فلم کی کہانی کو ابھی تک راز رکھا ہوا۔ دیوارا پارٹ ون 27 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کتنے اثاثوں کے مالک؟ پہلی بار تفصیلات سامنے آگئیں
سیکٹر 36
سیکٹر 36 اصل واقعات پر مبنی ایک کرائم تھرلر فلم ہے جس میں وکرانت میسے اور دیپک دوبریال فلم بینوں کو اپنی جاندار اداکاری سے حیران کرنے والے ہیں۔ یہ فلم کچی آبادی سے لاپتا ہونے والے بچوں کے بارے میں ہے، جن کی تلاش میں ایک پولیس آفیسر کو بااثر افراد اور معاشرے میں پھیلی عدام مساوات اور جرائم کی دنیا کے علاوہ ایک خطرناک سیریل کلر کا سامنا ہے۔ ایکشن اور سسپینس سے پھرپور یہ فلم 13 ستمبر کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کی جائے گی۔
برلن
’برلن‘ بھی تھرل اور سسپینس سے بھرپور فلم ہے جو 13 ستمبر کو ZEE5 پر ریلیز کی جائے گی۔ 1990ء کی دہائی میں دلی کے سیاسی ماحول کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو قوت گویائی سے محروم ہے اور پولیس اسے ایک غیرملکی جاسوس سمجھ کر گرفتار کرلیتی ہے۔ اس فلم کی کہانی میں نیا موڑ اس وقت آتا ہے جب اس شخص سے تحقیقات کے لیے ایک سائن لینگویج ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ فلم میں انوپریا گوئنکا، راہول بوسے اور کبیر بیدی نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ فلم ’فائٹر‘ کی خلیجی ممالک میں ریلیز پر پابندی کیوں؟
بنی اینڈ فیملی
’بنی اینڈ فیملی‘ ایک مزاحیہ فلم ہے جس میں معروف اداکار ورون دھون کی بھتیجی انجنی دھون ڈیبیو کررہی ہیں اور ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جو زندگی اپنی شرائط کے مطابق جیتی ہے۔ فلم میں دلچسپ موڑ اس وقت آتا ہے جب بنی کے دادا اور دادی رہنے کے لیے بنی کے گھر آتے ہیں۔ یہ فلم 20 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔