اسلام آباد، ریڑھی لگانے والی خاتون کا بچہ بازیاب، 2 ملزمان گرفتار

بدھ 4 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فروٹ کی ریڑھی لگانے والی خاتون کا بچہ اغوا کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے بچے کو بازیاب کرا لیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق خاتون تھانہ کوہسار کے علاقے ایف سیون میں فروٹ کی ریڑھی لگاتی ہے، اور اس کے ساتھ 7 ماہ کا بچہ بھی ہوتا ہے، جسے 31 اگست کو اغوا کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف کے قاتل گرفتار

ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وقوعہ کا سختی سے نوٹس لے کر بچے کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کیے تھے، اور ڈی آئی جی ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر کی زیرنگرانی آر ڈی یو کی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے تمام تر وسائل استعمال کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرا لیا، اور اغوا میں ملوث ایک خاتون سمیت 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی، اور بچہ قانونی کارروائی کے بعد والدہ کے حوالے کردیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ڈی آئی جی ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر، ایس ایس پی آپریشنز محمد ارسلان شاہزیب نے بچے کی والدہ سے ملاقات کی، اس موقع پر خاتون نے اسلام آباد پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں ’اسلام آباد پولیس سرکاری محکمہ ہے یا کوئی سیاسی تنظیم؟‘

ایس ایس پی آپریشنز محمد ارسلان شاہزیب نے کہاکہ معصوم بچے کی بحفاظت بازیابی پولیس ٹیموں کی بڑی کامیابی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp