کار ساز حادثہ کیس، نامزد ملزمہ نتاشا دانش کیخلاف عبوری چالان عدالت میں پیش

جمعرات 5 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں کارساز حادثہ کیس میں نامزد ملزمہ نتاشا دانش کیخلاف تفتیشی پولیس افسر نے مقدمے کا عبوری چالان عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی فورینزک رپورٹ سمیت بعض رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کارساز ٹریفک حادثہ: منشیات کیس میں ملزمہ نتاشا کے پروڈکشن آرڈر جاری

عدالتی استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ پولیس فائل اپڈیٹ کی جارہی ہے، تھوڑی مہلت دی جائے، حتمی چالان میڈیکل رپورٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی فورینزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد پیش کردیا جائے گا، ان کے مطابق حادثے میں زخمی 2 افراد کی حتمی میڈیکل رپورٹ آنا باقی ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے انجینئر کے معائنے کی رپورٹ بھی نہیں ملی ہے، گاڑی کی رفتار کا تعین کرنے کے لئے یونیورسٹی کے ماہرین سے مدد لی ہے، ان کی رپورٹ بھی مقدمہ کے حتمی چالان کا حصہ بنادی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کارساز حادثہ کیس : عدالت کا ملزمہ نتاشا کے شوہر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم

عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمے کا حتمی چالان طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔

سٹی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں وکیل استغاثہ عزیر غوری کا کہنا تھا کہ میڈیکل بنیاد پر درخواست کے بعد موٹر وہیکل آرڈیننس کی سیکشن 101 کا بھی اطلاق ہو جاتا ہے، ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد دفعہ 322 ختم ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

عزیر غوری کے مطابق مقدمہ کے تفتیشی افسر کے مطابق مقدمہ کی فرد جرم تیار کرلی گئی ہے، امید ہے کہ چارج شیٹ عدالت میں پیش کردی جائے گی، انہوں نے واضح کیا کہ ان کا وکالت نامہ تبدیل نہیں ہوا، فریقین کے مابین صلح کی کوئی اطلاع نہیں، اس ضمن میں جھوٹ پھیلایا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp