کارساز حادثہ: نتاشا کا برطانوی لائسنس پاکستان میں ناقابل قبول نکلا

جمعرات 5 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا دانش اقبال کا برطانوی ڈرائیونگ لائسنس پاکستان میں ناقابل قرار دے دیا گیا۔

پولیس نے عدالت میں جمع کروائے گئے عبوری چالان میں نتاشا کے برطانوی لائسنس کو ناقابل قبول قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کار ساز حادثہ کیس، نامزد ملزمہ نتاشا دانش کیخلاف عبوری چالان عدالت میں پیش

ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ کے مطابق برطانیہ کے شہریوں کے لیے پاکستان میں گاڑی چلانے کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کا ہونا ضروری ہے جس کے بغیر ڈرائیورز گاڑی چلانے کے مجاز نہیں۔

چالان کے مطابق 20 اگست کو خاتون میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) نے ملزمہ نتاشا کے خون اور قارورہ (یورین) کے نمونے حاصل کیے تاہم شاہ عبد الطیف بھٹائی کے عرس کے موقعے پر عام تعطیل کے باعث سیمپل اگلے روز جمع کروائے گئے۔

نتاشا کے شوہر دانش کو گاڑی کاغذات، ڈرائیونگ لائسنس اور میڈیکل دستاویزات پیش کرنے کا پابند کیا گیا مگر وہ پیش نہیں کیے گئے۔

چالان کے مطابق دانش اقبال نے ملزمہ کی بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹس اور برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کی کاپی فراہم کی۔ ملزمہ کے پاس پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں ہے جس کے بغیر گاڑی چلانے پر دفعہ 322 کا اطلاق کیا گیا۔

ملزمہ کے حادثے میں زیر استعمال گاڑی کے بارے میں ماہرین سے رائے حاصل کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو خط تحریری کیا جا چکا ہے۔ جامعہ گاڑی کی اسپیڈ، ایئر بیگ اور دیگر فنکشن کے حوالے سے معاونت کرے گی۔

مزید پڑھیے: کارساز روڈ حادثہ کی ملزمہ نتاشا دانش غیرملکی شہری نکلیں

چالان کے مطابق حادثے میں ہونے والے املاک کے نقصان کے لیے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو خط لکھا گیا ہے جبکہ گاڑی کی ملکیت کے لیے گل احمد ونڈ پاور کمپنی لمیٹڈ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ملزمہ کے برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن کو بھی خط تحریر کیا گیا ہے۔

چالان کے مطابق ملزمہ کے وکیل کی جانب سے پیش کیے گئے پاسپورٹ کی ٹریول ہسٹری کے لیے تحریر کیا گیا ہے اور گاڑی میں نصب ٹریکر کمپنی سے معلومات حاصل کرنے کے لیے بھی خط تحریر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کارساز ٹریفک حادثہ: منشیات کیس میں ملزمہ نتاشا کے پروڈکشن آرڈر جاری

پولیس سرجن کی رپورٹ میں پتا چلا کہ ملزمہ نتاشہ وقت وقوعہ آئس کے نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلا رہی تھی۔ ملزمہ نے نشے کی حالت میں غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے 3 موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی کو روند ڈالا اور نتیجے میں ایک شہری عمران عارف اور ان کی صاحبزادی آمنہ عمران موقعے پر ہلاک ہوگئے جبکہ عبدالسلام اور شین الیگزینڈر حادثے میں زخمی ہوئے۔

میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر نتاشا کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کا علیحدہ مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

چالان میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف وقوعہ کے روز نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعہ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کی فوٹیج فرانزک کے لیے لاہور بھیجی گئی ہے۔ چالان میں مدعی مقدمہ و زخمی افراد سمیت مجموعی طور پر 15 گواہان شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp