پشاور ہائیکورٹ : قومی اسمبلی کے 3حلقوں پر 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل

منگل 4 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کے 3حلقوں پر 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی، اور مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا، ساتھ ہی الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کا فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر گوہر خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل محسن کامران عدالت میں پیش ہوئے۔ بیرسٹر گوہر خان نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو قومی اسمبلی کے 3حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے، اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر ضمنی الیکشن نہیں ہوسکتے۔

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 13 اگست کو مکمل ہورہی ہے جس کی وجہ سے 13 اپریل کے بعد ضمنی الیکشن نہیں ہوسکتے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے وکیل محسن کامران نے دلائل دئیے کہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے 120 دن پہلے خالی ہوجائے تو ضمنی الیکشن ہوسکتا ہے۔

جس کے جواب میں بیر سٹر گوہر نے دلائل دئیے کہ 11 نومبر کو یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں، 4مہینے بعد الیکشن کمیشن کو اب ضمنی انتخابات کا خیال آیا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں کیوں اتنی دلچسپی لے رہا ہے۔ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کرانا چاہتا ہے لیکن عام انتخابات نہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ ہم انتخابات چاہتے ہیں لیکن عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی اور فنانس کا مسئلہ ہے، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دئیے کہ عام انتخابات  کے لیے سیکیورٹی اور فنانس کا مسئلہ ہے لیکن ضمنی کے لیے نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ضمنی الیکشن پر بھی فنڈ خرچ ہوگا،اب ضمنی الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کرانا چاہتا ہے۔

عدالت نے آئیندہ سماعت پر الیکشن کمیشن کو تفیصلی جواب جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp