کارساز حادثہ کیس میں نتاشا دانش اورحادثے میں جاں بحق ہونے والے باپ بیٹی عمران عارف اور آمنہ عارف کے ورثا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا نے حلف نامے تیار کروا لیے ہیں جو آج ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت میں پیش کیے جائیں گے۔
حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ہم نے ملزمہ کو اللہ کے نام پرمعاف کردیا ہے، جو حادثہ ہوا تھا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔ ہم نے بغیر کسی دباؤ کے یہ نو ابجیکشن سرٹیفکیٹ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کارساز حادثہ کیس، مقتولین کے ملزمہ نتاشا سے معاملات طے، ڈیل میں کیا لکھا ہے؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ نتاشا کے اہل خانہ نے جاں بحق ہونے والی آمنہ عارف کے اہل خانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر رقم ادا کردی اور رقم کی ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے کی گئی۔ اس کے علاوہ آمنہ کے کسی رشتے دار کو کمپنی میں ملازمت بھی دی جائے گی۔ فریقین کے درمیان دیت کا معاہدہ شرعی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ واقعہ میں زخمیوں ہونے والے افراد کے درمیان بھی صلح ہوگئی، زخمیوں کو الگ سے رقم ادا کردی گئی۔
فریقین کے درمیان معاملات طے ہونے کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ سلمان درانی نے لکھا کہ ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد کی رقم دیت کے طور پر ادا کر دی گئی اور ورثا نے نتاشا کو معاف کر دیا۔
کارساز حادثہ کیس میں بڑی پیشرفت، نتاشا دانش کی فیملی اور جاں بحق باپ، بیٹی کے اہلخانہ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد کی رقم دیت کے طور پر ادا کر دی گئی، ورثا نے نتاشا کو معاف کر دیا۔ pic.twitter.com/Jy21ABre5O
— Salman Durrani (@DurraniViews) September 6, 2024
الطاف حسین لکھتے ہیں کہ افسوس کی بات ہے کہ پیسہ جیت گیا اور انصاف ہار گیا، نتاشا کی جانب سے باپ اور بیٹی کا قتل کرنے کے عوض متاثرہ فیملی کو ساڑھے 5 کروڑ روپے دے کر صلح نامہ کر لیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ قومیں کبھی بھی ترقی نہیں کرتیں جہاں غریب کے لیے انصاف اور ہو اور امیر کے لیے اور ہے۔
پیسہ جیت گیا انصاف ہار گیا۔۔۔!
سانحہ کار ساز کی ملزمہ نتاشا کی جانب سے باپ اور بیٹی کا قتل کرنے کے عوض متاثرہ فیملی کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے دے کر صلح نامہ کر لیا گیا۔
وہ قومیں کبھی بھی ترقی نہیں کرتی جہاں غریب کے لیے انصاف اور ہو اور امیر کے لیے اور ہے ۔۔۔افسوس #GOAT #BBNaija— Altaf Hussain Mehar (@Mehar576) September 6, 2024
صحافی سبوخ سید نے لکھا کہ نتاشا دانش کی مقتول خاندان کے ساتھ دیت کے تحت صلح ہو گئی ہے، انہوں نے نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اسلام کا وہ حصہ جس میں امیروں کو فائدہ ہے کم از کم وہ تو اس ملک میں نافذ ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انہیں ریمنڈ ڈیوس یاد آ گیا۔
کراچی کارساز میں مبینہ طور نشے کی حالت میں
اپنی گاڑی سے ہٹ کر کے
موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو قتل کر نے والی
نتاشا دانش کی
مقتول خاندان کے ساتھ
دیت کے تحٹ صلح ہو گئی۔اسلام کا وہ حصہ جس میں امیروں کو فائدہ ہے، کم از کم وہ تو نافذ ہے اس ملک میں ، ریمنڈ ڈیوس یاد آگیا pic.twitter.com/HTIGJS3JR4
— Sabookh Syed | Journalist (@SaboohSyed) September 6, 2024
عامر بٹ لکھتے ہیں کہ وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ سانحہ کارساز کی ملزمہ اور امیر زادی نتاشا دانش کی غریب باپ بیٹی آمنہ عارف کے خاندان کے ساتھ دیت کے تحت صلح ہو گئی ہے۔
بریکنگ: وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔
کراچی کارساز کی ملزمہ اور امیر زادی نتاشا دانش کی غریب باپ بیٹی آمنہ عارف کے خاندان کے ساتھ دیت کے تحٹ صلح ہو گئی۔ pic.twitter.com/vHINaDIPSX— AAMIR BUTT (@ButtButtaamir38) September 6, 2024
جہاں کئی صارفین اس پر تنقید کرتے نظر آئے، وہیں اشفاق شاہ نامی صارف کا کہنا تھا کہ یہ بہتر ہوا ہے کیونکہ نتاشا کی عمر بھر قید یا سزائے موت سے اس فیملی کا کچھ بھی بھلا نہ ہوتا، البتہ دیت سے ان کے بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔
کارساز حادثے میں مارے جانے والے فیملی اور نتاشا دانش اقبال کے درمیان دیت کا صلہ ہو گیا، 5 کروڑ کے عوض فیملی نے نتاشا کو معاف کر دیا.
ویسے یہ بہتر ہے کیونکہ نتاشہ کی عمر بھر قید یا سزائے موت سے اس فیملی کا کچھ بھی بھلا نہ ہوتا، البتہ دیت سے انکے بہت سارے مسائل حل ہونگے. pic.twitter.com/4XhSPE1ZDo— Ishfaq Shah🇵🇰 (@ishfaaqshaah) September 6, 2024
یاد رہے کہ 19 اگست کو کارساز روڈ پر نتاشا کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار باپ، بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ واقعہ میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
ملزمہ کے وکیل نے عدالت میں اپنی مؤکل کو نفسیاتی مریض ثابت کرنے کی کوشش تھی تاہم جناح اسپتال کے شعبہ نفسیات کے سربراہ نے ملزمہ کو نفسیاتی اور دماغی طور پر تندرست قرار دیا تھا۔