سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی، 4 خارجی خودکش بمبار دہشتگرد ہلاک

ہفتہ 7 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خودکش بمبار دہشتگردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 4 خارجیوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش کی۔ چاروں خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مار دیے گئے۔

مزید پڑھیں:افغان خارجی کا پاکستان میں دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کا اعتراف

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں خارجیوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔ فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کا خارجی دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مہمند میں خارجی دہشتگردوں کی فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش کو ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے 4 خود کش خارجیوں کو جہنم واصل کیا۔ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

مزید پڑھیں:خارجی نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کے گرد قانونی گھیرا تنگ

وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے افسران اور جوان فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں سے پاکستان کی مٹی کو پاک کرنے کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp