وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لہے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، گزشتہ روز پی ٹی آئی کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے۔
کل تحریک انصاف کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کے اعزاز میں عشایے سے خطاب، اتحادیوں کا وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار pic.twitter.com/rMIYfJGggi
— WE News (@WENewsPk) September 9, 2024
اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز نے حالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا، اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کے لیے خوشخبری سے کم نہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کرگئے تھے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں جس کے فضل کے طفیل ملک وقوم کے لیے بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہورہے ہیں۔
’ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی جدوجہد 2022 میں شروع کی‘
شہباز شریف نے کہاکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی جو جدوجہد ہم نے اپریل2022 میں شروع کی تھی، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وہ نہ صرف کامیابی سے ہمکنار ہوئی بلکہ اس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی کی ابتدا بھی ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ ان کی پریشانیوں کو کم کرکے ہی دم لیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اس کی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں۔
’معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے‘
انہوں نے کہاکہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مکمل ڈیجیٹائز یشن کا آغاز اس حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ بجلی کے بلوں کے حوالے سے غریب اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے اقدامات کررہے ہیں، حکومتی حجم کم کرنے اور خرچے میں کمی کے حوالے سے رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ ملک کو سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ نواز شریف کی قیادت میں دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے اس نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔