بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن کی رواں برس 2 فلمیں، ’بھول بھلیاں 3‘ اور ’دو اور دو پیار‘، ریلیز ہورہی ہیں۔ عشقیہ، پری نیتا اور ڈرٹی پکچر جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ودیا بالن ایک جانب بالی ووڈ فلمیں کرنے میں مصروف ہیں، تو دوسری جانب انہیں ایک اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ودیا بالن کو بھارت کے ایک فلاحی ادارے ’فیڈرل بینک ہورمس فاؤنڈیشن کی جانب سے کینسر کے خلاف آگاہی پروگرام کے لیے نیشنل ایمبیسیڈر مقرر کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ’کینسر کے خلاف متحد‘ پروگرام میں ’ٹاٹا ٹرسٹس‘ اس فلاحی ادارے کا نالج پارٹنر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سگریٹ پیتی نہیں، پینا اچھا لگتا ہے، ودیا بالن کا انکشاف
اس پروگرام کا آغاز رواں ماہ کیا جارہا ہے جس کی آگاہی مہم میں ودیا بالن عوامی مفاد کے پیغامات لوگوں تک پہنچائیں گی اور بھارتی خواتین اور مردوں کو کینسر کی اسکریننگ کے لیے وقت نکالنے پر آمادہ کریں گی۔ اس آگاہی مہم کا مقصد لوگوں کی سوچ کو تبدیل کرکے انہیں بروقت اسکریننگ کے لیے آمادہ کرنا ہے۔
اس حوالے سے ودیا بالن کا کہنا ہے کہ کینسر کی تشخیص کے لیے اسکریننگ نہیات اہم ہے، اس کی مدد سے کینسر کا بروقت علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا، ’مجھے امید ہے کہ میں اس پروگرام کے ذریعے اپنی آواز قوم تک پہنچاؤں گی اور کینسر اسکریننگ سے متعلق عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے اور انہیں صحت مند طرز زندگی اختیار کرنے میں ایک مثبت کردار ادا کرسکوں گی۔‘
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ ودیا بالن کا انگلش نہ بول سکنے کا پرینک کیسے ہوا ناکام؟
واضح رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ ہونے والی اموات کی دوسری بڑی وجہ کینسر کی بیماری ہے۔ فیڈرل ہورمس میموریل فاؤنڈیشن نے بھارت میں گزشتہ برس کینسر کے 3 ہزار مریضوں کی علاج جبکہ 30 مختلف اداروں کے 1700 ملازمین کی مفت اسکریننگ میں مدد کی تھی۔