امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر کے انتخابات سے قبل اپنی حریف کملا ہیرس کے خلاف ایک اور صدارتی مباحثے کو مسترد کر دیا ہے، فلاڈیلفیا میں ڈیموکریٹک امیدوار سے اپنے پہلے مباحثہ کے بعد ان کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس دوبارہ مباحثہ کی اس لیے خواہاں ہیں کیونکہ وہ پہلا مباحثہ واضح طور پر جیت چکے ہیں۔
تاہم منگل کے صدارتی مباحثہ کے بعد کیے گئے بیشتر جائزوں میں ووٹرز نے محسوس کیا ہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیریس نے اپنے ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس حقیقت سے قطع نظر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیریس کو بطور نائب صدر اپنے آفس کی مدت پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کی پہلے صدارتی مباحثے کے دوران ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ
شمالی کیرولائنا میں اپنی صدارتی مہم کے ایک جلسے کے فوراً بعد، کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہتے ہوئے جواب دیا کہ وہ ووٹروں کو ایک اور بحث کے ’قرض دار‘ ہیں کیونکہ جو چیز داؤ پر لگی ہے وہ زیادہ اہم نہیں ہو سکتی، صدارتی انتخابات کے حوالے سے عوامی جائزے بتاتے ہیں کہ دونوں امیدواروں کے درمیان انتہائی سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ انتخابات میں 2 باقی ہیں۔
دونوں صدارتی امیدواروں نے اے بی سی نیوز پر منگل کی 90 منٹ کی بحث کے بعد اپنی اپنی فتح کا دعویٰ کیا تھا، جس میں کملا ہیریس نے کیپیٹل ہل میں 6 جنوری 2021 کے ہنگامے کے دوران سابق امریکی صدر کی ریلی کے ہجوم اور اس کے طرز عمل سمیت ڈونلڈ ٹرمپ کو تابڑ توڑ ذاتی حملوں سے جھنجھوڑتے ہوئے انہیں دفاعی انداز اختیار کرنے پر مجبور کردیا تھا۔
مزید پڑھیں:معروف امریکی مورخ کی کملا ہیرس کے حق میں پیش گوئی کا کیا مطلب ہے؟
ٹرمپ اور ان کے حامیوں نے اس صدارتی مباحثہ کے بعد اے بی سی کے 2 صحافیوں پر کملا ہیرس کے حق میں ’غیر منصفانہ اور متعصب‘ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے جمعرات کو کہا تھا کہ انہیں کسی اور بحث کی ضرورت نہیں، ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی پرائز فائٹر مقابلہ ہار جائے تو اس کے منہ سے پہلے الفاظ یہی نکلتے ہیں کہ مجھے دوبارہ میچ چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ رائے عامہ کے جائزے واضح طور پر اشارہ کرتے ہیں کہ وہ ڈیموکریٹس کی بنیاد پرست بائیں بازو کی امیدوار کامریڈ کملا ہیرس کے خلاف بحث جیت چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے فوری طور پر دوسری بحث کا مطالبہ کردیا۔
مزید پڑھیں: بائیڈن امریکی تاریخ کا واحد بدترین صدر، کملا ہیرس کو شکست دینا آسان ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایریزونا میں ایک ریلی کے بعد ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ وہ دوسرے مباحثہ کو ضروری نہیں سمجھتے۔ ’ہمیں لگتا ہے کہ ہم نے ہر چیز پر تبادلہ خیال کیا ہے اور میں نہیں سمجھتا کہ وہ بھی ایسا چاہتے ہیں۔‘
تاہم کملا ہیرس کی صدارتی مہم کی جانب سے فلاڈیلفیا کے فوراً بعد دوسری بحث کا مطالبہ کیا اور جسے جمعرات کو بھی جاری رکھا گیا، انہوں نے کہا کہ ووٹروں کو بیلٹ باکس پر اس انتخاب کا سامنا کرنا پڑے گا: کملا ہیرس کے ساتھ آگے بڑھنا یا ٹرمپ کے ساتھ پیچھے جانا۔ ’نائب صدر کملا ہیرس دوسری بحث کے لیے تیار ہیں، کیا ڈونلڈ ٹرمپ ہیں؟‘