ہرنائی کے علاقے شاہرگ کی کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے 7 کان کن اندر پھنس گئے، جن میں سے ایک کان کن کو زندہ نکال لیا گیا، 5 کان کنوں کی لاشیں نکال جاچکی ہیں جبکہ 1 کن کی تلاش جاری ہے۔
چیف مائنز انسپکٹرعبدالغنی کے مطابق کوئلہ کی کان میں پھنس کر 5کان کن جاں بحق ہوگئے ہیں، ایک کان کن کو بروقت کارروائی کرکے بچا لیا گیا، جبکہ دوسرے کان کن کی تلاش جاری ہے۔
یہ پڑھیں: کوئٹہ: دکی کوئلہ کان میں ایک ماہ سے پھنسے کان کن، زندہ یا مردہ؟
لیویز ذرائع کے مطابق ریکسیو کے رضا کاروں نے جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی لاشوں اور زندہ بچنے والے شخص کو کان سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
اس سے قبل 3 جون کو بلوچستان کے علاقے سنجدی میں کوئلے کی کان میں دم گھٹنے کے باعث 11 کان کن جاں بحق ہوئے تھے۔
اس وقت چیف مائنزانسپکٹر نے بتایا تھا کہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث حادثہ پیش آیا، مرنے والے تمام کان کنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے سوات سے تھا جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے 11 کان کن جاں بحق
انہوں نے بتایا کہ جہاں پر حادثہ رونما ہوا اس کوئلہ کان کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کے دور دراز علاقوں میں کوئلے کی کانوں میں آئے روز ایسے حادثات رونما ہوتے ہیں لیکن ریسکیو ٹیمیں بروقت نہ پہنچنے کے باعث لوگوں کو زندہ نکالا نہیں جاسکتا۔