ملکی و عوامی مفاد میں قانون سازی ضروری ہے، وزیراعظم شہباز شریف

ہفتہ 14 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان کے تقدس کو قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ملکی و عوامی مفاد میں قانون سازی ہو، پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے، قومی نوعیت کے معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیے ۔ یہ بات انہوں نے مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر کہی۔

یہ بھی پڑھیں:مجوزہ آئینی ترامیم: مولانا فضل الرحمان ہمارا ساتھ دیں گے، بیرسٹر گوہر کا دعویٰ

وزیراعظم سیکرٹریٹ میں دیے جانے والے عشایئے میں مسلم لیگ ن کے سینیٹرز اور ایم این ایز شریک ہوئے جبکہ ایم  کیو ایم ، مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ضیاء کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے تمام اتحادی ارکان کو کل پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ یہ عشائیہ مجوزہ آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے نمبر گیم پوری کرنے کے مشن کے سلسلے میں دیا گیا تھا۔

ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی جانب لائے

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی جانب لائے، معاشی استحکام کے تسلسل اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئینی ترمیم کا معاملہ: حکومتی اراکین اسمبلی کے اسلام آباد سے باہر جانے پر پابندی

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پوری کوشش کرتے رہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو اور انکے ناپاک عزائم کامیاب ہوں۔

میثاقِ جمہوریت سے غیر آئینی اقدامات کا راستہ ہمیشہ کے لیے روک دیا گیا

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئینی اداروں اور غیر سیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر فریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی، میاں نواز شریف، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی قیادت میں میثاقِ جمہوریت ہوا، میثاقِ جمہوریت سے غیر آئینی اقدامات کا راستہ ہمیشہ کے لیے روک دیا گیا۔

ملک کو بچانے کے لیے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے سب کو ایک مرتبہ پھر سے اکٹھا ہونا ہے، سیاست ہوتی رہے گی، ملک کو بچانے کے لیے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا وفد مولانا کی رہائش گاہ سے واپس کیوں گیا؟

انہوں نے کہا  2018 سے پہلے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا تھا، سوچی سمجھی سازش سے انہیں سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کی گھناؤنی سازش کی گئی، یہ سازش پاکستان اور پاکستان کی عوام کو بہت مہنگی پڑی۔

نااہل حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا دیا

انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 برس تک پاکستان میں ایک نااہل حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا دیا، اللہ رب العزت نے جب ہمیں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا ذمہ سونپا تو تاریخ گواہ ہے اس ملک کے مفاد کے لیے سب جماعتیں نے مل کر اپنی سیاست قربان کرکے ریاست کو بچایا، آج اللہ کے فضل سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی کی شرح بتدریج کم و رہی ہے۔

برآمدات بڑھیں گی

وزیراعظم نے کہا پالیسی ریٹ کی کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع فراہم ہونگے اور برآمدات بڑھیں گی، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور دوست ممالک کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا، ترسیلاتِ زر مین اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، مگر ابھی اس ملک کی ترقی کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترامیم پر مزید مشاورت کے لیے حکومت سے وقت مانگ لیا

قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی

ان کا کہنا تھا کہ آپ آج یہ عہد کریں کہ ملکی ترقی کے لیے شبانہ روز محنت کریں گے، مجھے کامل یقین ہے کہ پاکستان کی معاشی سلامتی کیلئے مجھ سمیت ہم سب کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp