خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں توسیع کر دی گئی ہے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ کے ارکان کو بھی شامل کرلیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی، پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کمیٹی میں شامل کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:چارٹر آف پارلیمنٹ کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی میں کون سے حکومتی اور اپوزیشن ارکان شامل ہیں؟
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ، اراکین پارلیمنٹ، آئین وغیرہ سے متعلق مسائل کا تجزیہ کرنے اور سفارشات کو مستحکم کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی جانب سے تشکیل دی گئی قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے لیے درج ذیل سینیٹرز کو نامزد کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں شمولیت کے لیے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور پارلیمانی لیڈر شیری رحمان کا نام بھی دیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی، سینیٹ میں جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر منظور احمد کو بی نامزد کیا گیا ہے۔
سینیٹ میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فیصل سبزواری، اے این پی کے پارلیمانی لیڈر ایمل ولی خان، بی این پی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر محمد قاسم، مجلس وحدت المسلمین کے راجا ناصر عباس، نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد کو بھی پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ق) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر کامل علی آغا، سنی اتحاد کونصل (ایس آئی سی) کے سینیٹر حامد خان کو بھی پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے لیے ممبر نامزد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اس کمیٹی میں قومی اسمبلی کے 18 ارکان شامل تھے، خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خورشید شاہ، خالد مقبول صدیقی ، امین الحق، چوہدری سالک، عبدالعلیم خان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خورشید شاہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین منتخب
اس کے علاوہ اعجاز الحق، خالد مگسی، صاحبزادہ حامد رضا، بیرسٹر گوہر، شاہدہ بیگم، اختر مینگل، حمید حسین، محمود خان اچکزئی بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر پارلیمانی امور بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
اب اس کمیٹی میں سینیٹ کو بھی نمائندگی دی گئی ہے، 5 سینیٹرز کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کی کارروائی چلانے کے لیے حکومتی اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور کارروائی کے طریقہ کار 2007 کے قاعدہ 244 (B) کے تحت قومی اسمبلی کے 11 ستمبر 2024 کے اجلاس میں منظور کی گئی تحریک کی تناظر میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے منظوری دیدی
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خصوصی کمیٹی کے ارکان کے لیے حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کی جانب سے نامزدگیوں کی منظوری دے دی ہے۔