جنوبی افریقہ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو 3 میچوں کی ٹی۔20 کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں 10 رنز سے شکست دے دی۔
پیر کو 3 روزہ ٹی۔20 سیریز کا پہلا میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔
پروٹیز کے 133 رنز کے ہدف کے جواب میں گرین شرٹس 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز ہی بنا سکیں۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
لارا وولواڈارٹ کی قیادت والی جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے جس میں تزمین بریٹس نے 63 گیندوں پر 5 چوکے لگا کر 56 رنز کا انفرادی اسکور کیا۔
جنوبی افریقا کی اننگز کا اختتام اس وقت ہوا جب کلوئی ٹرائیون نے 7 گیندوں پر دو بڑے چھکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 3 جبکہ ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی تاہم پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض نے عمدہ کھیلتے ہوئے 52 اور کپتان فاطمہ ثنا نے 37 رنز کی نمایاں اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کے قریب لانے کی کوشش کی۔
گرین شرٹس میں سے باقی کوئی بھی خاتون بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکی اور یوں قومی ٹیم مطلوبہ ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ماریزان کپ اور تمی سکھونے نے 2،2 جبکہ سیشنی نائیڈو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے باقی دونوں میچز بھی ملتان میں 18 اور 20 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔