پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے ارکان اسمبلی کو فلور کراسنگ سے روکنے کے لیے نیا سلسلہ شروع کردیا، ارکان اسمبلی سے عہد لیا جارہا ہے کہ وہ پارٹی قیادت کی ہدایت کے بغیر ووٹ کا استعمال نہیں کریں گے۔
ویڈیو پیغام کے اس سلسلے کا آغاز اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کیا، اور کہاکہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کے علاوہ اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کریں گے۔ ہم عمران خان اور پاکستان کے وفادار رہیں گے۔
تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں ووٹ عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں دینے کے عہد پر مبنی ویڈیو بیانات کا سلسلہ شروع کر دیا، اس سلسلے کا آغاز اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کیا pic.twitter.com/Hoevz6SWz4
— WE News (@WENewsPk) September 17, 2024
انہوں نے دیگر ارکان اسمبلی کو بھی ہدایت کی کہ وہ بھی اپنا عہد نامہ ویڈیو کی شکل میں جاری کریں، ہم فاشسٹ حکومت کے سامنے آہنی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کے بعد پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی شاندانہ گلزار نے بھی اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
شاندانہ گلزار نے اپنے پیغام میں کہاکہ میں پاکستان اور عمران خان کی وفادار رہوں اور فلور کراسنگ نہیں کروں گی۔
میں یہ اعلان کر رہی ہوں کہ میں پاکستان اور عمران خان کی وفادار رہوں گی، ہم نے فلور کراسنگ نہیں کرنی، ہم عمران خان اور پاکستان کے وفادار ہیں،شاندانہ گلزار خان pic.twitter.com/kx4TlUnYAW
— WE News (@WENewsPk) September 17, 2024
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف ہے، اور انہیں خطرہ ہے کہ حکومت دوتہائی اکثریت پوری کرنے کے لیے ان کے ارکان پر دباؤ ڈال کر ووٹ حاصل کرسکتی ہے۔
آج وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آئینی ترمیم کے لیے پی ٹی آئی بھی تیار ہے، تاہم وہ دسمبر تک کا وقت مانگ رہے ہیں، جس کے جواب میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے تردید کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔