پورا زور لگانے کے باوجود پی ٹی آئی والے لوگ اکٹھے نہیں کرسکے، وفاقی وزیر کا طنز

ہفتہ 21 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جلسے کے لیے کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی تھی، سب نے ٹی اسکرین پر دیکھا کہ علی امین گنڈاپور ایم ون س ایم2 پر 10 سے 12 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ چڑھے، اسلام آباد میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی تھی، اٹک پل پر بھی کسی قسم کی رکاوٹ نہیں کھڑی کی گئی تھی۔

عطاتارڈرنے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے جلسے میں آنے کے لیے راستے پوری طرح کھلے ہوئے تھے، پورا زور لگانے کے باوجود پی ٹی آئی والے لوگ اکٹھے نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر جلسہ گاہ کے فضا سے ریکارڈ مناظر دیکھیں تو آپ کو پتا چل جائے گا کہ یہ ایک ناکام جلسہ تھا، جس طرح پی ٹی آئی والے اسلام آباد کے جلسے میں ناکام رہے، یہ لاہور میں بھی لوگ اکٹھے نہیں کرسکے، عوام نے ان کے جلسے کو مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم ہوکر 9.6، سنگل پر آگئی ہے، پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی ڈبل یونٹس پر چلی گئی تھی، نواز شریف کے دور میں مہنگائی 4 فیصد تھی، پھر پی ٹی آئی والے کس بات پر احتجاج کررہے ہیں، ہم نے جلسے کے لیے کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی، اس کے باوجود یہ جلسہ ناکام رہا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ دنیا کے بڑے مالیاتی ادارے کہہ رہے کہ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے، آج بلوم برگ نے آرٹیکل میں بتایا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ ایشیا کی امرجنگ مارکیٹس میں سے بہترین ہے، فچ اور موڈیز کی ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، ایکسپورٹ میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہی وجوحات ہیں کہ عوام نے ان کے جلسے کو مسترد کیا ہے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی نہ کرے، آئی ایم ایف کو خط کیوں لکھے گئے اور ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی دعائیں کیوں کی گئی تھیں، آئی ایم ایف کے باہر احتجاج کیوں کیا گیا تھا، یہ چاہتے تھے ملک کی معیشت ترقی نہ کرے۔

’آج کے جلسے اور اسلام آباد کے جلسے کا ایک ہی مقصد تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ ان کے لیڈر کو رہا کیا جائے، یہ جو این آر او لینے کی کوشش کی جارہی ہے، اس طرح آپ کو این آر او نہیں ملے گا، کیسز کا سامنا کرنا پڑا ہوگا اور بھگتا بھی پڑے گا، جواب بھی دینا ہوگا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp