آندھی و بارش کا نیا سلسلہ، کب سے اور کہاں کہاں؟

بدھ 25 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک بالائی اور  وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 25 ستمبر کی رات سے مرطوب ہواؤں کے خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخلے سمیت ایک مغربی لہر 26 ستمبرکو ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہے جس کے باعث وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کمراٹ: شدید بارش، بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال، سیاح محصور

انہوں نے بتایا کہ 26 ستمبر کی شام سے یکم اکتوبرکے دوران فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارش کا امکان ہے۔
27 ستمبر کی رات سے یکم اکتوبر کے دوران ساہیوال، ننکانہ صاحب،خوشاب، سرگودھا،میانوالی،اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور بھکر میں تیز ہواؤں،آندھی چلنے اور گرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے۔

ندی نالوں میں تغیانی، اربن فلڈنگ کا امکان

ترجمان کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد،راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے نیزموسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصوراور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔

بل بورڈز، سولر پینلز کو نقصان کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ آندھی آنے، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر،کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

مسافر و سیاح ہشیار باش

ترجمان نے کہا کہ کسان موسمیاتی پیشنگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔

انہوں نے کہا کہ مسافر اور سیاح سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں۔

مزید پڑھیے: موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کے باعث انتظامیہ کا انتباہ

انہوں نے مزید کہا کہ نیز بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔

کے پی الرٹ

پشاور میں جمعرات کے روز سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبائی حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق آج 25 ستمبر سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

مرطوب ہوائیں داخل ہونے کے بعد چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کرم، اورکزئی، ہنگو، بنوں، لکی مروت، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں وقفے وقفے سے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری طرف موسلادھار بارش کے باعث مانسہرہ، کوہستان، چترال، گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور صوابی کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاﺅ میں اضافہ کا امکان ہے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: موسمیاتی تبدیلیاں تباہی پھیلانے لگیں، ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنا ناگزیر

خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہونے سے خیبرپختونخوا میں کل سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے۔

اس ضمن میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp