پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو اب پاکستان کی خاطر باہر نکلنا پڑے گا کیونکہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ساتھ تھرڈ امپائر بھی مدت ملازمت میں توسیع چاہتا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امپائرز اور پی ڈی ایم کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے، قاضی فائز عیسیٰ نے پہلے سے ہی توسیع کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں راولپنڈی جلسہ منسوخ کرکے احتجاج کا اعلان، اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا فائدہ نہیں، عمران خان
انہوں نے کہاکہ ہمارا انتخابی نشان لینے کا چیف جسٹس کا فیصلہ جانبدارانہ تھا، اور سپریم کورٹ کے ججز نے مخصوص نشستوں کے کیس کے فیصلے میں یہ واضح کر دیا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ چیف جسٹس نے پہلے الیکشن فراڈ کو تحفظ دیا اب یہ پی ٹی آئی کی نشستیں چھیننا شروع ہوگیا ہے، قاضی فائز عیسیٰ توسیع کے مفاد میں پی ٹی آئی کو کرش کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی فیملی پارٹیز ہیں ان کے پارٹی الیکشن کو کوئی نہیں پوچھتا، جبکہ ہمارے 3 پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیے گئے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے کہ جس دن الیکشن فراڈ کھلا اس پر آرٹیکل 6 لگے گا، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور دونوں کا مفاد توسیع میں ہے۔
’چیف جسٹس بے قصور تھا تو کمشنر راولپنڈی کے بیان کے بعد اسے کیوں نہیں بلایا‘
انہوں نے کہاکہ اگر چیف جسٹس بے قصور تھا تو راولپنڈی کے کمشنر کے بیان کے بعد اسے کیوں نہیں بلایا۔
عمران خان نے کہاکہ چیف جسٹس نے ٹریبونلز کے بجائے الیکشن کمیشن کے امپائرز کا فیصلہ کروا دیا تاکہ دو تہائی اکثریت حکومت کو دی جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ اب چیف جسٹس 63 اے کے پیچھے پڑ گیا ہے تاکہ فلور کراسنگ کو جائز قرار دیا جا سکے اور انہیں توسیع مل سکے۔ دنیا کے کسی چیف جسٹس نے ایسا نہیں کیا جو پاکستان کے چیف جسٹس کر رہے ہیں۔
’عمران خان نے چیف جسٹس کی ذہنی صحت پر سوال اٹھا دیا‘
انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس جیسی حرکتیں کررہا ہے مجھے وہ ذہنی طور پر تندرست نہیں لگتا۔
عمران خان نے کہاکہ ملک میں اخلاقیات کا قتل ہو رہا ہے اور ادارے تباہ ہو چکے ہیں، انہوں نے ہمیں جلسے کے لیے این او سی نہیں دینا اس لیے احتجاج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں گینگ آف تھری کی توسیع کے سبب سارا ملک داؤ پر لگ چکا، عمران خان
انہوں نے کہاکہ ہم اسلام آباد اور مینار پاکستان پر بھی احتجاج کریں گے، قوم اور نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ اپنے ملک اور مستقبل کے لیے نکلیں۔