سعودی عرب میں مصروف اکتوبر کا آغاز؛ کیا، کب اور کیوں؟

منگل 1 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اکتوبر 2024 کے دوران سعودی عرب عالمی اور مقامی سطح پر تقریبا 32 اہم ایونٹس، کانفرنسز اور نمائشوں کی میزبانی کرے گا، جن میں دنیا بھر سے ماہرین، پالیسی ساز، اور کاروباری شخصیات شرکت کریں گی، یہ سرگرمیاں ملک کے مختلف شہروں میں منعقد ہوں گی۔

سائبر سیکیورٹی اور بچوں کے تحفظ کی کانفرنسز

2 اور 3 اکتوبر کو ریاض میں عالمی سائبر سیکیورٹی فورم 2024 اور گلوبل سمٹ فار چائلڈ پروٹیکشن ان سائبر اسپیس منعقد کی جائیں گی، ان کانفرنسز کا مقصد سائبر خطرات سے نمٹنے کے جدید حل تلاش کرنا اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات پر غور کرنا ہے۔

ریاض سیزن 2024

رواں برس کے ریاض سیزن کا آغاز  12 اکتوبر سے ہوگا، جس میں عالمی سطح کے تفریحی اور ثقافتی پروگرام شامل ہوں گے۔ یہ ایونٹ سعودی وژن 2030 کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد ملک میں سیاحت اور تفریحی صنعت کو فروغ دینا ہے۔

سعودی زرعی نمائش اور ورلڈ ہیلتھ سمٹ

17 سے 21 اکتوبر تک ریاض میں سعودی زرعی نمائش کا بھی انعقاد متوقع ہے، جہاں جدید زرعی تکنیکوں اور مصنوعات کو فروغ دیا جائے گا، 21 سے 23 اکتوبر تک ورلڈ ہیلتھ سمٹ بھی منعقد ہوگی، جس میں عالمی صحت کے مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔

دیگر اہم ایونٹس

اکتوبر کے دوران سعودی عرب میں مختلف شعبوں سے متعلق دیگر ایونٹس بھی منعقد ہوں گے، جیسا کہ سعودی فارماسیوٹیکل کانفرنس جو 2 سے 3 اکتوبر یا پھر سعودی ہیلتھ فورم جو کہ 21 سے 23 اکتوبر تک منعقد ہوگا، اسی طرح ڈیجیٹل ٹیکنالوجی فورم 19 اکتوبر کو منعقد ہوگا، یہ ایونٹس مختلف صنعتی اور سائنسی موضوعات پر جدید رجحانات اور تحقیق کے فروغ کا باعث ہوں گے۔

سرہا عربیہ فوڈ ٹریڈ نمائش

یکم سے 3 اکتوبر تک سرہا عربیہ کے نام سے ایک بین الاقوامی فوڈ ٹریڈ نمائش بھی منعقد کی جارہی ہے، جس میں فوڈ انڈسٹری سے متعلق جدید مصنوعات، خدمات، اور کاروباری مواقع پیش کیے جائیں گے، یہ نمائش سعودی فوڈ اور ہوٹل انڈسٹری میں بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

منتظمین کے مطابق یہ تمام ایونٹس سعودی عرب کے وژن 2030 کا حصہ ہیں اور عالمی شراکت داریوں اور مقامی ترقی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے، یہ سرگرمیاں سعودی عرب کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہیں اور ملک کی صنعتی، تعلیمی، اور سائنسی ترقی کے لیے اہم ثابت ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp