وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی رکشہ ڈرائیور نے بھارت سے گنیز ورلڈ ریکارڈ چھین کر اپنے نام کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان کے مارشل آرٹسٹ ارشد محسود نے بھارتی کھلاڑی چنمے شرما کا ’فل کونٹیکٹ ایلبو اسٹرائیکس‘ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بھارت کے چنمے شرما نے ایک منٹ میں 334 ایلبو اسٹرائیکس کیے تھے۔ ارشد محسود نے ایک منٹ میں 373 ایلبو اسٹرائیکس کرکے بھارتی کھلاڑی کا ریکارڈ بڑے مارجن سے توڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سینچری کرنے پر صرف 5 لاکھ کا چیک، عرفان محسود نے واپس کردیا
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد محسود نے بتایا کہ وہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں جنگچی رکشا چلاتے ہیں اور کام سے فارغ ہونے کے بعد روزانہ فائٹ کلب جاتے ہیں۔ ارشد محسود صدارتی ایوارڈ یافتہ گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر مارشل آرٹسٹ عرفان محسود کے شاگرد ہیں۔
واضح رہے کہ عرفان محسود 8 سال سے بھی کم عرصہ میں 100 مختلف گنیر ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پش اپس، اسکواٹس، جمپنگ جیکس، اسٹیپ اپس، نی اسٹرائیک، ایلبو اسٹرائیک، سائیڈ جمپس اور اسٹار چیمپس کی کیٹیگریز میں گنیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں جبکہ ان کے 20 سے زائد شاگرد بھی مختلف کیٹیگریز میں گنیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر5 سالہ سفیان محسود کی وزیراعظم سے ملاقات
عرفان محسود نے بتایا کہ انہوں نے امریکا، برطانیہ، انڈیا، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق اور شام سمیت دنیا کے 16 ممالک کے کھلاڑیوں کے ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔