گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سینچری کرنے پر صرف 5 لاکھ کا چیک، عرفان محسود نے واپس کردیا

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے مارشل آرٹ ماسٹر، اور گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر عرفان محسود کو ان کی خدمات پر 5لاکھ کا چیک دیا، عالمی ریکارڈ ہولڈر نے محکمہ کھیل کے رویے سے نالاں ہوکر چیک واپس کردیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز میں 100 سے زائد ریکارڈ بنانے والے عرفان محسود کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف میں خٰیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز کے لیے بھی سفارش کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ اتھلیٹ عرفان محسود محکمہ کھیل کے اس عمل سے نالاں ہوگئے اور 5لاکھ روپے کا انعامی چیک واپس کردیا۔

انعامی چیک کھلاڑی نے اسپورٹس مشیر کے آفس اسٹاف کو واپس کردیا ہے۔ عرفان محسود نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ اسپورٹس کے افسران کا رویہ ہتک آمیز تھا۔ اسپورٹس حکام کھلاڑیوں کو عزت نہیں دے سکتے تو انہیں کچھ پیسوں کی خاطر اپنے دفاتر نہ بلائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران ان سے بارگیننگ کررہے تھے کہ 2 لاکھ چیک کافی ہوگا یا 3لاکھ روپے کا، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے پاس اگر فنڈز نہیں ہے تو یہ چیک وہ کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرلیں۔

’محکمہ کھیل کے افسران نے تسلی دی تھی کہ آپ کو سپورٹ کیا جائے گا آپ پروپوزل لے آئیں۔ کوچ کی اعزازی نوکری کی پیشکش بھی کی گئی، لیکن انتہائی کم تنخواہ پر رکھنا بے عزتی کے مترادف ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ پروپوزل دینے کے بعد افسران نے میرے ساتھ بارگیننگ شروع کر دی، اور ایسا رویہ رکھا گیا جیسے میری کوئی خدمات ہی نہیں ہیں۔

’قومی ہیروز کی بے عزتی ہے، ملاقات میں فوٹو سیشن ہی ایک ضروری چیز دکھائی دے رہی تھی‘۔

دوسری جانب محکمہ اسپورٹس حکام کے مطابق انہیں چیک واپس کرنے کا علم نہیں اور کھلاڑی کے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp