اسرائیلی جارحیت مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے خطرہ، لبنان کے بعد عراق پر بھی میزائل حملے

جمعرات 3 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بڑھتی جارحیت لبنان اور عراق تک پھیل گئی، صہیونی فوجیوں کی جانب سے بیروت کی پارلیمنٹ کے قریب بمباری سے 6شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے، عراق میں بھی میزائل حملہ کے نتیجے میں حسن نصراللہ کے داماد سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے مزاحمت کرتے ہوئے 10صہیونی فوجی ہلاک کردیے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے شہربیروت کی پارلیمنٹ کے قریب بمباری کی، جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، حملوں میں 6 شہری شہید متعدد زخمی ہوگئے۔ تاہم، 24 گھنٹوں کے دوران 46 شہادتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل لبنان میں شہریوں پر حملے بند کرے، امریکا

رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے سرحد پار کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مزاحمت دکھائی گئی، اور اسرائیلی فوج کے افسر سمیت 10فوجی ہلاک ہوگئے، کئی زخمی بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا کی جانب سے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نصیرات، جبالہ اور خان یونس میں بھی اسرائیلی حملے مزید تیز کردیے گئے جس کے نتیجے میں 89فلسطینی شہید ہوئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے شام کے دارالحکومت دمشق میں بھی میزائل حملہ کیا گیا۔دمشق میں کیے جانے والے میزائل حملے میں حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصراللہ کے داماد سمیت 3افراد شہید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی، لبنان کی جغرافیائی سالمیت کا احترام کیا جائے، انتونیو گوتریس

واضح رہے 2روز قبل اسرائیل پر ایرانی ہائپر سونک میزائل حملوں کے دوران تل ابیب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 6افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ملی تھی، ہلاکتوں کی ذمہ داری حماس نے قبول کرلی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp