وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی قیمت ادا کرنا ہوگی، ان کا مقصد صرف ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بہت بڑی لائن کراس کردی ہے، مزید لائن کراس کی گئی تو سخت کارروائی کریں گے، اور ذمہ دار بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور علی امین گنڈاپور ہوں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 120 افغان شہری پکڑے گئے، پی ٹی آئی کے عزائم کچھ اور لگ رہے ہیں، ساری صورتحال کے ذمہ دار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہیں، وہ جتھہ لے کر آرہے ہیں، افغان شہریوں کا پکڑے جانا الارمنگ ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہر طرح سے سمجھانے کی کوشش کی، وہ اگر بات کرنا چاہتے تو بات ہوسکتی تھی لیکن وہ حد سے بڑھ رہے ہیں، ان کے عزائم کچھ اور لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 120 افغان شہری پکڑے گئے ہیں، افغان شہریوں کا پکڑے جانا الارمنگ ہے، پتھر گڑھ پولیس پر فائرنگ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے ہر ضلعے میں احتجاج کا اعلان
انہوں نے کہا تھا کہ کسی کی پراپرٹی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے مگر وہ نقصان پہنچا رہے ہیں، اگر انہوں نے مزید لائن کراس کی تو سخت کارروائی ہوگی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان پولیس پر آنسو گیس چلا رہے ہیں، ان کے پاس اتنے آنسو گیس کے شیلز کہاں سے آئے، ان کے پاس اسلحہ ہے، ہمارے جوان اب بھگی بغیر اسلحے کے ہیں، ان کا مقصد صرف ایس سی او کانفرنس کو سبو تاژ کرنا ہے، وزیراعلیٰ جس جس راستے سے آگے نکلے وہاں پر پولیس پر فائرنگ ہوئی ہے۔