بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں پاک بھارت تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے نہیں جارہے، ان کے اس دورے کا واحد مقصد ایس سی او کے کثیرالجہتی اجلاس میں شرکت ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ جے شنکر نے اپنے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’یہ بات درست ہے کہ میں رواں ماہ پاکستان جاؤں گا لیکن میرے اس دورے کا مقصد ایس سی او کے سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت ہے۔‘
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے ذکر پر بھارتی وزیر خارجہ کی ہرزہ سرائی
جے شنکر کا کہنا تھا، ’مجھے توقع ہے کہ اس معاملے پر میڈیا ضرور دلچسپی لے گا کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کچھ ایسی ہی نوعیت کا تعلق ہے لیکن میرے خیال ہم اس (معاملے) کو ڈیل کرلیں گے۔‘
انہوں نے کہا، ’میں ایس سی او کے ایک اچھے رکن کے طور پر وہاں (اسلام آباد) جارہا ہوں، چونکہ میں خوش اخلاق اور مہذب انسان ہوں، تو میرا رویہ بھی ایسا ہی ہوگا۔‘
واضح رہے بھارت نے پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا، پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کو دعوت نامہ بھیجا تھا جس پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اپنے پاکستان کے پہلے دورے کا اعلان کیا۔