گزشتہ 3روز سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث تمام بند راستے کھول دیے گئے، صرف فیض آباد کے مقام پر رکاوٹیں اور کنٹینرز موجود ہیں۔ دوسری جانب 3روز سے بند موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد پشاور ایم ٹو موٹروے ٹریفک کے لیے بحال، جبکہ اسلام آباد تا لاہور ایم ون موٹروے بھی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ کٹی پہاڑی برہان کے مقام پر بھی رکاوٹیں ختم کرکے راستے بحال کردیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق اندرون شہربھی تمام رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں۔ تاہم، رکاوٹیں ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے، آہستہ آہستہ تمام راستے کھول دیں گے۔ راولپنڈی میں مجموعی طور پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: جڑواں شہروں کو ملانے والے راستے تاحال بند، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بحال ہونا شروع
ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ مری روڈ اور اطراف کے راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے، فیض آباد کے مقام پر مری روڈ بند ہے۔ فیض آباد کھولنا اسلام آباد انتظامیہ کا اختیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں کو ملانے والے آئی جے پی روڈ، ڈبل روڈ کھولنا اسلام آباد انتظامیہ کا اختیار ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے اور دیگر اہم پوائنٹس بھی اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کھولے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن مقامات پر رکاوٹیں موجود ہیں ان کو بھی ہٹایا جارہا ہے، راولپنڈی کے مختلف مقامات سے کنٹینرز ہٹا لیے گئے ہیں، مریڑ چوک، کمیٹی چوک، وارث خان روڈ سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں پی ٹی آئی کا احتجاج، زرتاج گل، مسرت چیمہ سمیت متعدد کارکنان گرفتار
واضح رہے ڈپٹی کمشنر کے مطابق راولپنڈی کے ڈبل روڈ پر بھی رکاوٹیں ختم کردی گئی ہیں، شہر کے اندر آمد و رفت اور ٹریفک بحال ہے لیکن اسلام آباد جانے والے راستے تاحال بند ہیں۔