اداکاری نہیں چھوڑی، اداکارہ یشما گل کی ڈاکٹر ذاکر نائیک کے جواب پر وضاحت

پیر 7 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی شہرت یافتہ اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں 5 اکتوبر کو کراچی میں گورنر ہاؤس میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس اجتماع میں پاکستانی اداکارہ یشما گل بھی موجود تھیں۔

انہوں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے سوال کیا کہ جب اللہ تعالیٰ نے پہلے سے ہی تقدیر لکھ دی ہے تو انسان کے اپنے اختیار میں کیا ہے؟ اگر انسان اپنی زندگی میں صحیح یا غلط کام کررہا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے کیونکہ ہم انسان تو یہی سمجھتے ہیں کہ تقدیر پہلے ہی لکھی جا چکی ہے، جیسے کہ ایک چور چوری کرتا ہے تو یہ پہلے سے لکھا ہوا تھا؟

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: ڈاکٹر ذاکر نائیک اسٹیج چھوڑ کر کیوں چلے گئے؟

اداکارہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ یہ سوال ہر مسلمان کے ذہن میں آتا ہے لیکن کچھ لوگ فتوے کے خوف کی وجہ سے یہ سوال پوچھنے سے گھبراتے ہیں۔ انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کو غیب کا علم ہے، اللّٰہ تعالیٰ کو معلوم ہے کہ انسان نے اپنی زندگی میں کون سے کام کرنے ہیں۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ انسان وہ نہیں کرتا جو اللّٰہ تعالیٰ نے اس کی تقدیر میں لکھ دیا ہے بلکہ اللّٰہ تعالیٰ نے وہ لکھا ہے جو انسان نے کرنا ہے کیونکہ اللّٰہ کو غیب کا علم ہے اور وہ جانتا ہے کہ  انسان اپنی زندگی کے کس موڑ پر کیا فیصلہ لے گا۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص چوراہے پر کھڑا ہے۔ وہاں سے 4 مختلف راستے نکلتے ہیں تو اللّٰہ نے اس کی تقدیر میں وہ راستہ لکھا ہے جو انسان نے اس وقت اپنی سوچ سے چنا یعنی وہ راستہ اللّٰہ تعالیٰ نے نہیں چنا بلکہ انسان نے خود اپنے لیے اس راستے کا انتخاب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کہاں، کب اور کس موضوع پر لیچکر دیں گے؟

ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ویڈیو کے بعد یہ تاثر ملا کہ شاید یشما گل نے اداکاری چھوڑ دی ہے لیکن اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحت دیتے کہا کہ انہوں نے اداکاری نہیں چھوڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ایک مذاکرے میں شرکت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی اور انہیں ذاکر نائیک سے اپنے روحانی سفر کے دوران پیش آنے والی چیزوں کے بارے میں سوال کرنے کا موقع ملا ۔

اداکارہ نے کہا کہ ہجوم کے شور اور بار بار مائیک بند ہونے کی وجہ سے شاید یہ تاثر گیا کہ ’میں نے اداکاری چھوڑ دی ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ غلط فہمی دور کرنا چاہیں گی کیونکہ وہ اب بھی انڈسٹری میں کام کر رہی ہیں اور اداکارہ ہونے کے ناتے صرف اپنا پیشہ بتایا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے نقطہ نظر کی بہت قدر کرتی ہیں کیونکہ انہوں نے ماضی میں اداکارہ کو دین کے قریب لانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا  کہ اگر ان کے بیان سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تووہ اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے۔ ان دنوں ڈاکٹر ذاکر نائیک 10 دن کے دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp