عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عدالتی اصلاحات کے حوالے سے آئینی ترمیم جتنی جلدی ہوجائے اتنا بہتر ہے۔
فلسطین سے متعلق ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز کانفرنس کا مقصد صرف ایک پیغام دینا تھا۔
یہ بھی پڑھیں آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہونا چاہیے جس کا دارالحکومت القدس ہو، آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کانفرنس میں کیوں شریک نہیں ہوئی، اس کا جواب وہ خود دے سکتے ہیں۔
قبل ازیں اے پی سی میں خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہاکہ ہمیں فلسطین کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مظلوم عوام کی بات بھی کرنی چاہیے۔
سربراہ اے این پی نے کہاکہ 5 دہائیوں سے پاکستان اور افغانستان میں مسلمانوں سے جہاد کرنے والوں کو اسرائیل بھجوایا جائے تاکہ وہاں جاکر جہاد کریں۔
انہوں نے کہاکہ احتساب ہمیشہ خود سے شروع ہوتا ہے، ہمیں چاہیے کہ خود پر بھی نظر ڈالیں۔
واضح رہے کہ ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
یہ بھی پڑھیں فلسطین کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس، وزیراعظم کا مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ورکنگ گروپ بنانے کا اعلان
آل پارٹیز کانفرنس میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، حافظ نعیم الرحمان سمیت دیگر سیاسی قیادت شریک ہوئی۔