اسلام آباد میں ریڈ لائن میٹرو بس سروس کب بحال ہوگی؟

منگل 8 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جڑواں شہروں میں گزشتہ جمعہ یعنی 4 اکتوبر کو ملائیشیا کے ویزراعظم کی آمدورفت اور پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر نہ صرف تعلیمی ادارے بلکہ میٹرو بس سروس بھی بند کر دی گئی تھی، جس کے بعد 6 اکتوبر تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند رہی۔

7 اکتوبر کو راولپنڈی کے علاقہ صدر سے آئی جے پی میٹرو اسٹیشن تک بس سروس کو بحال کر دیا گیا، صرف یہی نہیں بلکہ اورنج لائن بس سروس بھی بحال کر دی گئی لیکن اسلام آباد میں ریڈ لائن میٹرو بس سروس اب تک بحال نہیں ہوسکی ہے۔

میٹرو بس سروس کب تک بحال ہوگی؟

میٹرو بس سروس کے ذرائع کے مطابق بس سروس راولپنڈی میں تو بحال کر دی گئی ہے لیکن کچھ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسلام آباد میں اسے تاحال بحال نہیں کیا گیا ہے، بظاہر اس کا سبب ریڈ زون میں پی ٹی آئی کے لوگوں کی موجودگی بتائی گئی تھی، جس کی وجہ سے اسلام آباد میں میٹرو بس سروس کو بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اس بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: میٹرو بس میں آتشزدگی، مسافروں نے چھلانگیں لگا دیں، 2 زخمی

واضح رہے کہ میٹرو بس سروس اسلام آباد پوٹھوہار اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک مکمل طور پر بند ہے، میٹرو بس سروس کب تک بحال ہوگی؟ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ آج بروز منگل دوپہر 2 بجے تک اسلام آباد میں بھی ریڈ لائن میٹرو بس سروس کو بحال کر دیا جائے گا۔

’لیکن اس حوالے سے متعلقہ نوٹیفیکیشن ابھی آنا باقی ہے، جس کے اجرا کے بعد ویب سائٹ اور میٹرو کے آفیشل گروپس میں شئیر کر دیا جائے گا۔‘

مزید پڑھیں: اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے اہم فیصلے

دوسری جانب پاک سیکریٹریٹ، پمز، بلیو ایریا اور دیگر جگہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ میٹرو بس کی بندش کی وجہ سے ان کا بجٹ بری طرح متاثر ہوا ہےکیونکہ پہلے وہ 30 روپے میں راولپنڈی کے کسی بھی اسٹیشن سے پورا اسلام آباد کا چکر لگا آتے تھے۔

ملازمت پیشہ شہریوں کے مطابق متبادل آن لائن ٹیکسی سروس پر ہزار سے بات شروع ہوتی ہے، اتنی تو آمدن بھی نہیں ہوتی کہ ایک عام شہری روزانہ کا ہزار روپے کرائے بھاڑے کی مد میں خرچ کردے اور اگر آفس سے چھٹی کی جائے تو اس غیر حاضری کے پیسے تنخواہ سے کاٹ لیے جاتے ہیں، جو شدید پریشانی کا باعث ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp