آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے سال 2002 میں خود کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کے طور پر منوایا اور فلم سازوں کے نزدیک ان کی ڈیمانڈ بڑھتی رہی۔
لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت تک انجلینا جولی کی فلموں نے باکس آفس پر نام نہیں کمایا تھا۔
انڈین ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق اگرچہ فلم ٹومب ریڈر اداکارہ کے لیے گیم چینجر ثابت ہوئی لیکن جس فلم نے ان کی زندگی تبدیل کر کے رکھ دی، وہ تھی ’مسٹر اینڈ مسز سمتھ۔‘
مسٹر اینڈ مسز سمتھ میں انجلینا جولی کے ساتھ بریڈ پٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
یہ فلم اِن دونوں اداکاروں کے فلمی کیریئر کی سب سے متنازع فلم سمجھی جاتی ہے۔
مسٹر اینڈ مسز سمتھ ایک ایسے شادی شدہ جوڑے کی کہانی ہے جو ویسے تو اپنی زندگیوں سے انتہائی بے زار دکھائی دیتے ہیں لیکن خفیہ طور پر قتل کی وارداتیں بھی کرتے ہیں۔
اس فلم نے نہ صرف اس میں کام کرنے والے اداکاروں کی زندگی بدل کے رکھ دی بلکہ ایک اور اداکارہ جن کی زندگی انتہائی تکلیف دہ موڑ پر آ کر رک گئی، وہ تھیں جینیفر اینسٹسن۔
فلم کے سیٹ پر جب بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان عشق کی ابتدا ہوئی تو اس وقت بریڈ پٹ، جینیفر اینسٹن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے۔
کامیڈی شو ’فرینڈز‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی جینیفر اینسٹن اور بریڈ پٹ کی ملاقات اسی شو کے سیٹ پر ہوئی تھی اور سال 2000 میں دونوں کی شادی ہوئی اور چار سال بعد علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے چند ہی ماہ میں طلاق ہوگئی۔
جب انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا تعلق زبان زد عام ہوا تو انہیں بالی وڈ کی حسین ترین جوڑی کا خطاب دیا گیا اور دونوں ایسے جلوے بکھیرتے کہ ریڈ کارپٹ کی زینت سمجھے جاتے تھے۔
تقریباً دس سال کے رومانوی تعلق کے بعد 2014 میں انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کی شادی ہوئی جس کے دو سال بعد ہی اداکارہ نے طلاق کی درخواست دائر کر دی تھی۔
ادکاروں کی زندگیوں میں تو فلم مسٹر اینڈ سمز سمتھ سے جو بھی بھونچال آیا لیکن باکس آفس پر بھی 40 کروڑ ڈالر سے زائد کما کر سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی ساتویں بڑی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا۔