پی ٹی آئی کے بعض ارکان نے ڈی چوک احتجاج سے پراسرار واپسی کے بعد دیے گئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے مؤقف کا دفاع کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے احتجاج چھوڑ کر کے پی ہاؤس چلے جانے اور پھر خیبرپختونخوا اسمبلی میں نمودار ہونے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی اسٹریٹیجی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اس ’عجیب و غریب‘ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے نہیں پتہ کہ علی امین گنڈاپور کیسے واپس آگئے، اسد قیصر
رؤف حسن کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں بعض ارکان نے تو شرکت سے معذرت ہی کر لی تھی جبکہ اجلاس میں شریک ہونے والے ارکان نے رؤف حسن کی جانب سے دیے گئے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے صورتحال واضح نہ ہونے تک اس معاملے کا دفاع نہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی تھنک ٹینک کے سربراہ رؤف حسن نے اجلاس میں یہ مؤقف اپنایا کہ مناسب وقت پر صورتحال واضح ہو جائے گی تاہم موجودہ صورتحال میں ہمیں میڈیا کے سامنے یہی پالیسی اپنانی ہے۔
مزید پڑھیے: کیا علی امین گنڈاپور ڈبل گیم کھیل گئے، کہاں غائب رہے؟
ارکان نے صورتحال واضح نہ ہونے کی صورت پر اس معاملے پر خاموش رہنے اور ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں شرکت سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا۔
مذکورہ فیصلے کے باعث پی ٹی آئی رہنماؤں کی ٹی وی ٹاک شوز میں شرکت محدود ہوچکی ہے۔