پی ٹی ایم کو کالعدم قرار دینا قابل مذمت، خیبرپختونخوا حکومت امور میں مداخلت قبول نہ کرے، پی ٹی آئی

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو کالعدم قرار دیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خیبرپختونخوا کے معاملات میں مداخلت کرکے صوبے کو انتشار کی طرف دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے حکومت اور فیصلہ سازی کا مینڈیٹ تحریک انصاف کو سونپا ہے، صوبائی حکومت کسی تخصیص و امتیاز کے بغیر صوبے کے عوام کے آئینی، قانونی اور جمہوری حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھیں پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کے بعد 52 افراد کو فورتھ شیڈول میں ڈال دیا گیا

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے صوبائی حکومت کو کہا ہے کہ انتظامی امور میں غیرقانونی اور غیرمجاز مداخلت نہ صرف یہ کہ قبول نہ کی جائے بلکہ ہرگز اس کی اجازت نہ دی جائے اور اس کے مرتکب عناصر کا قانون کے تحت محاسبہ کیا جائے۔

سیاسی کمیٹی نے کہاکہ سیاسی معاملات کا حل اندھی طاقت سے کشید کرنا آمریت کی روایت ہے، ایسے میں سنبھلتے نہیں بلکہ مزید پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔

سیاسی کمیٹی نے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کسی مسئلے کا حل ہے نہ طاقت اور تشدد کے ذریعے بنیادی سیاسی حقوق کو سلب کرنے کی کسی طور حمایت کرسکتے ہیں۔

شرکا نے کہاکہ آئین و قانون کے تحت قائم سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے کی رسمِ بد کو ترک کرکے ملک میں تہذیب و قانون کے دائرے میں پرامن سیاسی عمل کے فروغ کا ماحول پیدا کیا جائے۔

اجلاس میں پشتون جرگے کے خلاف ریاستی طاقت کے استعمال اور اس کے صوبے کے انتظامی اور معاشرتی حالات پر اثرات پر بھی غور کیا گیا۔

اعلامیے کہا گیا ہے کہ پی ٹی ایم پر پولیس کی فائرنگ سے 3 افراد کی اموات اور درجن بھر کو زخمی کرنا قابل مذمت ہے۔

سیاسی کمیٹی نے امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے اور شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے پر صوبائی حکومت سے وفاقی حکومت سے شدید احتجاج کرنے اور سرکاری طور پوری شدت سے معاملہ اٹھانے کی سفارش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں بیرسٹر سیف نے پی ٹی ایم جلسے کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کا لائحہ عمل ظاہر کردیا

سیاسی کمیٹی نے کہاکہ حکمرانی کے حق اور جواز سے یکسر محروم گروہ عملاً بنیادی انسانی حقوق، دستور، سیاست اور جمہوریت کی لاشوں پر اپنے اقتدار کی بساط بچھانے پر بضد ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp