ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے کون کون سے نئے ریکارڈ بنا ڈالے؟

جمعرات 10 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملتان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگلش بلے باز جو روٹ اور ہیری بروک نے انگلینڈ کی پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، دونوں بلے بازوں جو روٹ اور ہیری بروک نے 454رنز کی شراکت داری قائم کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کیا۔  ہیری بروک نے 322 گیندوں پر 317 رنز جبکہ جوروٹ نے 375 گیندوں پر 262 رنز بنائے۔

انگلینڈ نے ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز ایک نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا، ملک کے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے ٹیسٹ بلے باز جو روٹ نے ہیری بروک کے ساتھ 454 رنز کی شراکت قائم کی، یہ تیز ترین پارٹنرشپ اس سے پہلے کرکٹ کی دنیا میں نہیں دیکھی گئی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 1877 میں فارمیٹ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ 2 بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے جوڑی کے طور پر 450 رنز بنائے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا کے ایڈم ووگس اور سان مارش نے 449 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے 2015 میں ہوبارٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ اسکور کیے تھے۔

مزید پڑھیں: ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے 823رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کیخلاف 267 رنز کی برتری

اس سے قبل آسٹریلیا نے 1934 میں اوول میں انگلینڈ کے خلاف 451 رنز بنائے تھے۔ مجموعی طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ شراکت کا ریکارڈ مہیلا جے وردن اور کمار سنگاکارا کے پاس ہے، جنہوں نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 624 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

اس کے بعد سری لنکا کے ہی جے سوریا اور آر مہاناما نے کولمبو میں بھارت کے خلاف 576رنز کی شراکت قائم کی۔ 1999 میں نیوزی لینڈ کے مارٹن کرو اور اینڈریو جونز نے سری لنکا کے خلاف ویلنگٹن میں 467 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ تاہم، ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ اور جوروٹ اور ہیری بروک نے 454رنز کی شراکت داری قائم کی۔

دوسری جانب اکیسویں صدی میں پہلی بار کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف اننگز میں 823 رنز بنالیے، جس کے بعد انگلینڈ پاکستان میں ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی ٹیم بن گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ، انگلینڈ کے جو روٹ نے 2 ریکارڈ اپنے نام کرلیے

انگلینڈ نے 20 سال قبل بنایا گیا بھارت کا 675 رنز کا ریکارڑ توڑ دیا جس میں بھارت نے 2004 میں ملتان ٹیسٹ میں 5 وکٹ پر 675 رنز بنائے تھے۔ یہ تاریخ میں دوسرا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 800 سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔ اس سے قبل 1958 میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 790 اسکور بنائے تھے۔

ہیری بروک کی تیز ترین ٹرپل سینچری

انگلینڈ کے ہیری بروک نے 21ویں صدی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنا کر اپنا نام تاریخ میں لکھوا دیا، ان کی شاندار اننگز ملتان میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران ہوئی، جہاں انہوں نے ہم وطن جو روٹ کے ساتھ مل کر 454رنز کی شراکت داری قائم کی۔

بروک کی ٹرپل سنچری ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سینچری ہے، جو صرف 310 گیندوں میں مکمل کی گئی ہے۔ اس سے پہلے تیز ترین ٹرپل سنچری کا ریکارڈ وریندر سہواگ کے پاس ہے جنہوں نے 2008 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 300 رنز بنا کر صرف 278 گیندوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp