انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت کی ہے کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی میں مزید بہتری کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے۔
چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے آئی جی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی نقل و حرکت اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں چین نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت سی ٹی ڈی کے افسران اور دیگر نے شرکت کی، جبکہ کچھ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے جو چینی شہریوں سے متعلق موجودہ ایس او پی اور سیکیورٹی اقدامات کاجائزہ لے کر اپنی تجاویز ترتیب دے گی۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی سطح پر رنگین شیشوں، جعلی نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
پولیس سربراہ نے کہاکہ علاقہ پولیس، ٹریفک پولیس اور اے وی ایل سی باہم اشتراک سے ایسی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔ پولیس ایکشن کے دوران باڈی وارن یا دیگر کیمروں کی مدد سے ان کارروائیوں کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ تمام افسران اپنی نفری کوغیرملکی بالخصوص چینی شہریوں کے تحفظ جیسے اقدامات پر نا صرف سیکیورٹی بریفنگ دیں بلکہ انہیں مستعد اور الرٹ بھی رکھیں۔
اس موقع پر ایڈشنل آئی جی دیگر افسران نے چینی شہریوں کے سیکیورٹی اقدامات کی موجودہ صورتحال اور تجاویز سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت
آئی جی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر چینی شہریوں کی غیر ضروری نقل وحرکت محدود کردی گئی ہے جبکہ حفاظتی اقدامات میں مزید اضافہ بھی کیا گیا ہے۔