معروف گلوکارہ نازیہ حسن اور زوہیب حسن کا بھارتی صنعت کار رتن ٹاٹا سے کیا تعلق تھا؟

جمعہ 11 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بھارتی صنعت کار اور کاروباری شخصیت رتن ٹاٹا گزشتہ روز 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی گلوکار زوہیب حسن نے رتن ٹاٹا کے انتقال پر ان سے جڑی یادیں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

سماجی رابطوں کی سائٹ فیس بک پر زوہیب حسن نے پرانی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن ان کی والدہ آئیں اور کہا کہ مسٹر رتن نامی ایک صاحب کی فون کال ہے جو آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے معروف ترین صنعت کار رتن ٹاٹا کا انتقال ہوگیا

زوہیب حسن کے مطابق نازیہ سے فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ رتن بات کر رہے ہیں اور ایک میوزک کمپنی شروع کرنا چاہتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ آپ دونوں (نازیہ اور زوہیب)  ہماری کمپنی کے لیے ایک البم ریکارڈ کروائیں۔

زوہیب حسن نے مزید بتایا کہ نازیہ نے انہیں کہا کہ آپ  جمعے کو ان کے گھر  ویمبلڈن (انگلینڈ) آسکتے ہیں. اور جمعے کے روز عمدہ لباس میں ملبوس ایک شخص ان کے گھر آیا جس کا لہجہ انتہائی شفیق  تھا۔ ان کی باتوں نے ہمیں بہت متاثر کیا۔

گلوکار کے مطابق انہیں رتن کے بارے میں نہیں معلوم تھا اور نہ انہوں نے اپنے بارے میں زیادہ کچھ بتایا، صرف اتنا کہا کہ اگر آپ لوگ راضی ہیں تو ہم البم کی تیاری پر کام کرتے ہیں۔ اس کے بعد پھر جو ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے. ہم نے ینگ ترنگ البم تیار کیا جس نے ڈسکو دیوانے البم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ارب پتی بزنس مین کیجانب سے کتے کے لیے خون دینے کی اپیل کا نتیجہ کیا نکلا؟

زوہیب حسن نے مزید بتایا کہ البم کی لانچ کے بعد انہوں نے نازیہ اور مجھے اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا، ہمیں لگتا تھا کہ وہ ایک محل میں رہتے ہوں گے لیکن جب ہم ان کےگھر پہنچے تو اس بات پر حیران ہوئے کہ بھارت کے سب سے بڑے صنعت کار کا رہائشی مکان اتنا سادہ تھا، ایک چھوٹا 2 بیڈ کا فلیٹ تھا۔ کھانا بھی سادہ تھا جسے آج بھی میں کبھی نہیں بھول سکتا۔

زوہیب  حسن کے مطابق رتن ٹاٹا اس بات کی زندہ مثال تھے کہ کوئی عظیم کاروباری شخص ہونے کے ساتھ ساتھ اچھا انسان بھی ہوسکتا ہے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp