سعودیہ میں مقیم غیرسعودی باشندوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے نئے اقدام کا آغاز

اتوار 13 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب نے آئندہ بدھ کو سعودیہ میں مقیم غیر سعودی باشندوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عنوان سے ایک نئے اقدام کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے، جو مملکت کے وژن 2030 کے تحت جاری (معیارِ زندگی) پروگرام کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد سعودی عرب میں مقیم غیر سعودی باشندوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں، جیسے ان کی پیشہ ورانہ زندگی، خاندانی امور، سماجی سرگرمیاں اور تفریحی مواقع کو اجاگر کرنا ہے۔ اس میں ان کی مملکت کی معیشت میں شراکت، کامیابی کی کہانیاں، اور ان کی مختلف ثقافتوں کی رنگارنگی اور سعودی معاشرے کے ساتھ ہم آہنگی کے پہلوؤں کو نمایاں کرنا بھی شامل ہے۔

اس اقدام کے تحت حکومت اور نجی شعبے کی جانب سے سعودی شہروں میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی کوششوں پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس ضمن میں، وزارتِ اطلاعات اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی مشترکہ طور پر ریاض سیزن کے دوران مختلف تقریبات کا انعقاد کر رہی ہیں۔ یہ سرگرمیاں اتوار سے شروع ہوں گی اور بالخصوص سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی شہریوں کے لیے مخصوص ہیں، جن میں ثقافتی، فنی اور روایتی پرفارمنس شامل ہوں گی، جبکہ اس موقع پر ہندوستانی میڈیا کے اہم ادارے بھی شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں:سعودی کمپنی البیک اور پاکستانی گو کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

یہ پروگرام صرف ہندوستانی کمیونٹی تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ریاض سیزن کے دوران 9 مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جن میں بھارت، فلپائن، انڈونیشیا، پاکستان، یمن، سوڈان، اردن، لبنان، شام، بنگلہ دیش، اور مصر شامل ہیں۔ ان تقریبات میں گلوکارانہ محفلیں، متحرک شو، خاندانی ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں، روایتی کھانے، اور دستکاری کے اسٹالز شامل ہوں گے، جن میں سعودی شہریوں کے ساتھ مختلف قومیتوں کے غیر سعودی باشندوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد غیر سعودی باشندوں اور مملکت کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور ان کی زندگیوں میں سعودی معاشرے کے ہم آہنگ پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp