خیبر پختونخوا میں صرف امن کا جھنڈا لہرایا جائے گا، فیصل کریم کنڈی

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اپنے صوبے کا خیال ہم نے خود کرنا ہے۔ خیبر پختونخوا میں صرف امن کا جھنڈا لہرایا جائے گا۔ آئین اور قانون کی بالادستی سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ وفاق سے اپنے صوبے کے وسائل کے لیے بات کروں گا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ میں پاسپورٹ اور نادرا سہولت مراکز کے افتتاح کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقوق کی بات کریں گے، صوبے کو اپنے حصے کا پانی نہیں ملا، سیاسی اختلاف بھلا کر ون پوائنٹ ایجنڈا چاہتے ہیں۔ تمام اختلافات چھوڑ کر اسمبلی گیا تھا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہمیشہ ایک ہی بات کر رہے ہیں کہ امن ہو ہم اب بھی یہی بات کر رہے ہیں۔ تمام سیاسی اختلافات کو چھوڑ کر یہ چاہیئے کہ امن و امان کی بات کی جائے۔ جرگہ میں جو بھی ڈیمانڈ ہیں اس پر بات کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اس جرگہ کی خود میزبانی کر رہے ہیں ۔ آئینی مطالبات کو ماننے کے لیے تمام پارٹیز مشترکہ طور پر فیصلہ کریں گی۔

مزید پڑھیں:علی امین گنڈاپور نے فیصل کریم کنڈی کو ٹیلیفون کرکے کیا کہا؟ گورنر نے بتادیا

انہوں نے کہا کہ 3 دن جرگہ میں خدشات تھے لیکن جرگہ میں ایک ہی امن کا جھنڈا لہرایا گیا۔ ہمارا مؤقف صاف ہے کہ آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کر تمام مطالبات مانے جائیں گے۔ 1991 میں طے ہوا تھا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کو پانی ملے گا لیکن افسوس ابھی تک خیبر پختونخوا کو پانی نہیں ملا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں ڈیسک موجود ہیں لیکن یہاں مشکلات تھیں۔ یہاں پر اسٹاف اور ان کی فیملیز کے ساتھ ساتھ ممبران اسمبلی بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔ اسمبلی کی چار دیواری میں جتنے بھی لوگ ہیں نادرا اور پاسپورٹ آفس کی سہولت سے فیضیاب ہوسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp