پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں علی امین گنڈاپور اور حماد اظہر میں جھڑپ ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں مؤقف اختیار کیاکہ ہمیں 15 اکتوبر کا احتجاج مؤخر کردینا چاہیے، جبکہ حماد اظہر نے کہاکہ ہمیں ایس سی او کانفرنس کے موقع پر ہی احتجاج کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان سے متعلق صورتحال تشویش ناک ہے، بیٹوں کو بھی بات نہیں کرنے دی جا رہی، جمائما گولڈ اسمتھ
میڈیا رپورٹس کے مطابق حماد اظہر نے جب احتجاج کرنے پر ہی اصرار کیا تو علی امین گنڈاپور اور وہ آمنے سامنے آگئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ تم خود تو روپوش ہو اور کارکنوں کو باہر نکلنے کا کہہ رہے ہو۔ میں دو بار اسلام آباد سے ہوکر آیا ہوں مگر پنجاب کی قیادت نظر نہیں آئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حماد اظہر نے علی امین گنڈاپور کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ آپ الزامات لگا رہے ہیں، آپ احتجاج کریں میں پنجاب سے کارکنوں کو لیڈ کروں گا۔
علی امین گنڈاپور نے پھر حماد اظہر کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ آپ ایک طرف روپوش ہیں اور دوسری جانب احتجاج کو لیڈ کرنے کا کہہ رہے ہیں، ہم کسی صورت کارکنوں کو بے یارومددگار نہیں چھوڑ سکتے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جب علی امین نے حماد اظہر پر وار کرنے شروع کیے تو انہوں نے جوابی وار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کو کہاکہ طعنے نہ دیں، آپ بھی تو کارکنوں کو ڈی چوک میں بے یارومددگار چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں ڈاکٹر عاصم کو عمران خان تک رسائی نہ مل سکی، اڈیالہ جیل سے واپس روانہ
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس معاملے پر اپنا مؤقف دینے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ مجھے حیرانی اس بات پر ہورہی ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملات میڈیا کی زینت کیسے بن جاتے ہیں۔