سعودی عرب کے حرمین شریفین کے زائرین کے لیے ایک اہم سہولت کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت اب جمعہ کے خطبے کو دنیا کی 10 بڑی زبانوں میں براہِ راست ترجمہ کے ساتھ سنا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ مکرمہ: حرا ثقافتی منصوبہ، اسلامی ورثے کی حفاظت اور فروغ کی طرف ایک اہم قدم
’منارۃ الحرمین‘ نامی اس جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے زائرین انگریزی، فرانسیسی، اردو، ترکی، روسی، فارسی، بنگالی، چینی، ملیالم اور ہاؤسا زبانوں میں نماز جمعہ کے موقع پر دیے جانیوالے خطبہ کا ترجمہ اپنی من پسند زبان میں سن سکتے ہیں۔
یہ جدید سروس خاص طور پر ان غیر عربی بولنے والے زائرین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو حرمین شریفین میں موجودگی کے دوران جمعہ کے خطبے کو اپنی زبان میں سننے کے خواہاں ہیں۔ اس سروس تک رسائی ایک موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہے، جہاں صارفین مختلف زبانوں میں ترجمہ شدہ خطبے کو براہ راست سن سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:مسجد نبویؐ میں گھومنے والا بزرگ پاکستانی چرواہا عرب ٹائم لائنز پر وائرل
اس سہولت کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حرمین شریفین کے خطبہ جمعہ کو زیادہ قابل فہم اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، تاکہ وہ اس مقدس پیغام کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔