گلگت بلتستان حکومت کا ٹرافی ہنٹنگ سیزن کے لیے بولی کے عمل کا باضابطہ اعلان

بدھ 16 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان حکومت کے محکمہ جنگلات، پارکس، جنگلی حیات اور ماحولیات نے 2024-25 کے ٹرافی ہنٹنگ سیزن کے لیے بولی کے عمل کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

گلگت بلتستان میں رواں برس ٹرافی ہنٹنگ سیزن یکم نومبر 2024 سے 25 اپریل 2025 تک جاری رہے گا، جس کے دوران شکاریوں کو مارخور، ہمالیائی آئی بیکس، بلیو شیپ اور لداخ یوریل جیسے نایاب جانوروں کا شکار کرنے کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان: مارخور مارنے پر شہری کو 2 سال قید، بھاری جرمانہ

ٹرافی ہنٹنگ میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو بھاری فیس ادا کرنا ہوگی جو کہ شکار کے مختلف جانوروں کے حساب سے متعین کی گئی ہے۔ شکار کے لائسنس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک بڑا حصہ مقامی سطح پر جنگلی حیات کے تحفظ اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان علاقوں میں رہنے والے مقامی افراد کو اس پروگرام سے براہ راست فائدہ ہوتا ہے، کیونکہ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششوں کو مالی معاونت بھی حاصل ہوتی ہے۔

تاہم، یہ بات یاد رکھنا ضروری ہے کہ شکار کے لیے مخصوص کیے گئے جانور نایاب ہیں اور معدومی کے خطرے سے دوچار ہیں، اس لیے اس شکار کو اقوام متحدہ کے کنونشن برائے بین الاقوامی تجارت برائے خطرے سے دوچار انواع (CITES) کے تحت سخت نگرانی اور قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیا جاتا ہے تاکہ ان نایاب نسل کے جانوروں کی آبادی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: مارخور کا محافظ گاؤں ’ہوشے‘، جہاں شکاری آنے سے پہلے 100 بار سوچتے ہیں

اس ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کا مقصد، شکار کو محدود اور منظم کرکے جنگلی حیات کے تحفظ اور مقامی معیشت کو سہارا دینا ہے، تاکہ مستقبل میں بھی یہ نایاب نسلیں محفوظ رہ سکیں اور قدرتی ماحول میں برقرار رہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp