فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار چند روز قبل غزہ میں اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے، ان کی شہادت کے مناظر اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو میں دیکھائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس کے نئے سربراہ یحییٰ السنوار کون ہیں؟
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حماس کے سربراہ شدید زخمی حالت میں ایک گھر میں ایک صوفے پر بیٹھے ہیں کہ اس دوران ایک ڈرون کمرے میں آتا ہے۔
یحییٰ سنوار نے زخموں سے چور ہونے کے باوجود ایک ہاتھ سے چھڑی ڈرون پر پھینکی، بعد ازاں اسرائیلی فوج نے مکان دھماکے سے اڑا دیا جس سے یحییٰ السنوار شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے حزب اللہ، حماس اور پاسداران انقلاب کے کون کون سے اعلیٰ کمانڈر شہید کیے؟
یخییٰ السنوار نے جس گھر میں شہادت پائی اس کے مالک محمد سمیع ابوطحہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لکھا کہ ثابت قدم رہنے والے یحییٰ سنوار نے ان کا گھر معزز اور قابل فخر بنا دیا ہے اور میں اس اعزاز پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ عظیم مجاہد نے ابوطحہ خاندان کے گھر میں شہادت پائی، وہ اپنی آخری سانس تک ایک مجاہد اور محافظ کے طور پر وہاں ڈٹے رہے، ہمیں یخییٰ السنوار پر اور ہر اس شخص پر فخر ہے جو سچائی کے لیے اس راستے پر چلتے ہیں،اس راستے کی وجہ سے ہماری جانیں، ہمارے گھر اور ہماری ہر چیز قابل فخر ہوگئی ہے۔
انسٹاگرام پلیٹ فارم پر ابو طحہ خاندان کے ایک اور فرد نے تصدیق کی کہ جس گھر میں السنوار شہید ہوئے وہ ان کا ہے۔