وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام، ٹیکس محصولات میں اضافے، ٹیکس نظام کو منصفانہ اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات میں بین الاقوامی سرمایہ کاری مارکیٹوں سے فائدہ اٹھانا بھی شامل ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے گورنر ٹاکس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو استحکام سے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دیرینہ ساختی مسائل کو حل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، یہ اقدامات معیشت کی مضبوطی اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے حکومتی پالیسی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
مزید پڑھیں: وزیر خزانہ اور امریکی سفیر کی ملاقات، امریکی سرمایہ کاری پاکستان لانے کا عزم
اس دوران واشنگٹن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے سٹی بینک کے وفد نے ملاقات کی، معاشی استحکام بارے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی قیادت وائس چیئر پبلک سیکٹر جے کولنزنے کی۔
وفد سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی استحکام اور ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں ( ایس او ایز)، پنشن اور حکومت کے سائز کو کم کرنے کے شعبوں میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی۔
انہوں نے طویل المدتی ’روڈ ٹو مارکیٹ‘ حکمت عملی کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مناسب وقت پر بین الاقوامی سرمایہ کاری مارکیٹوں سے فائدہ اٹھانا بھی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی معیشت مثبت گامزن سمت ہو چکی، زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا، وزیر خزانہ
انہوں نے کہا کہ حکومت کی حکمت عملی طویل مدتی ترقی پر مرکوز ہے جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاری مارکیٹوں سے فائدہ اٹھانے کی منصوبہ بندی شامل ہے۔ یہ اقدام ملکی اقتصادی ترقی کے فروغ اور عالمی معیشت میں اپنی موجودگی مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری مارکیٹوں سے فائدہ اٹھانے کی منصوبہ بندی کے تحت ممکنہ طور پر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش اور ان کی فروغ دینے کی کوششیں شامل ہوں گی۔