انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کریں گے تاکہ پچ کو سمجھ سکیں، کیونکہ راولپنڈی کی پچ پہلے چند روز اچھی ہوگی۔ اس بار 2فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بین اسٹوکس نے کہا کہ بولنگ شروع کردی ہے، ملتان ٹیسٹ میچ میں بولنگ کروانے کے بعد اچھا محسوس کررہا ہوں، ٹریننگ میں بھی 2اسپیلز کروائے ہیں۔ امید کرتا ہوں کہ ملتان ٹیسٹ کی نسبت راولپنڈی ٹیسٹ میں بہتر بولنگ کروا پاؤں گا۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ بھی پاکستان کے نقش قدم پر، تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں 3 اسپنرز شامل کرلیے
انگلینڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے بیٹنگ کرنے سے ہمیں سمجھنے میں آسانی ہوگی کہ پاکستانی اسپنرز کس طرح بولنگ کریں گے۔ ریحان احمد کی واپسی سے انگلینڈ کی بیٹنگ اور بولنگ مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیک لیچ اور شعیب بشیر نے پہلے 2ٹیسٹ میچوں میں بہترین اسپن بولنگ کی، جس کے باعث ہمارے بولنگ کو سہارا ملا۔ کوشش کریں گے تیسرے میچ میں بھی اپنی اچھی بولنگ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، آخری ٹیسٹ کے پہلے دن انٹری فری، باقی ایام میں ٹکٹ کتنے کا ملے گا؟
واضح رہے 3میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پہلا میچ انگلینڈ نے جیتا، اور دوسرے میچ میں کم بیک کرتے ہوئے پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دی۔ تاہم سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ اپنے نام کرچکی ہیں اور تیسرا میچ فیصلہ کن ہوگا۔