ڈونلڈ ٹرمپ کا برطانوی لیبر پارٹی پر امریکی صدارتی انتخابات میں ’بیرونی مداخلت‘ کا الزام

بدھ 23 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کی لیبر پارٹی پر امریکی انتخابات میں بیرونی مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکی فیڈرل الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ برطانوی لیبر پارٹی امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزد امیدوار کملا ہیرس اور نائب صدر کے لیے نامزد کیے گئے امیدوار ٹم والزکی غیرقانونی حمایت اور معاونت کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی فرائز بیچنے کی ویڈیو وائرل، سابق امریکی صدر ایسا کیوں کررہے ہیں؟

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق، لیبر پارٹی کے کارکنان ذاتی حیثیت میں کملا ہیرس اور ٹم والز کی صدارتی مہم میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ لیبر پارٹی نے اس معاملے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دائر درخواست میں روزنامہ ’واشنگٹن پوسٹ‘ میں شائع ہونے والی خبر کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کملا ہیرس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے خاص طور پر امریکا آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: بھارتی انٹیلیجنس اہلکار پر سکھ رہنما کے قتل کی فرد جرم عائد

سابق امریکی صدر نے اپنی درخواست میں ’لنکڈ ان‘ پر کی گئی ایک پوسٹ کا بھی ذکر کیا اور اس حوالے سے کہا کہ لیبر پارٹی کے ایک اسٹاف ممبر کی جانب سے کی گئی مذکورہ پوسٹ میں کہا گیا ہے، ’پارٹی کے موجودہ اور سابق 100 کے قریب ارکان امریکا میں سخت مقابلوں والی ریاستوں کا رخ کریں گے۔‘

مذکورہ پوسٹ لیبر پارٹی کی ہیڈ آف آپریشنز صوفیہ پٹیل کی جانب سے کی گئی ہے جس میں مزید کہا گیا ہے، ’10 نشستیں دستیاب ہیں اور ہم آپ کی رہائش کے انتظامات کریں گے۔‘ بی بی سی کے مطابق، یہ پوسٹ بعدازاں ڈیلیٹ کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی انتخابات ہارنے کی صورت میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے منصوبے کا اعلان کر دیا

واضح رہے کہ امریکا میں 5 نومبر کو صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان ایک مباحثہ ہوچکا ہے جبکہ انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، جس میں دونوں امیدوار ایک دوسرے کو امریکا کے برے حالات کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp