کچلاک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ، ایگل اسکواڈ کے 2 اہلکار شہید ، 1 حملہ آور ہلاک

اتوار 9 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے علاقے کچلاک میں نامعلوم افراد نے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ جوابی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے۔

کوئٹہ کی تحصیل کچلاک میں اتوار کی شب کلی اسپین کے مقام پر نامعلوم شر پسندوں نے گشت پر مامور ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں کو نشانہ بنا یا۔

پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل عبدالجبار اور کانسٹیبل جلاد خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک مبینہ حملہ آور بھی مارا گیا ہے ۔

واقعہ کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں سے شہید اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا جبکہ ہلاک مبینہ حملہ آور کی لاش کو شناخت کے لیے سول اسپتال کوئٹہ بھجوایا گیا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کے جسد خاکی ضروری کارروائی کے بعد اہل خانہ کے سپرد کردیے جائیں گے جبکہ زخمی ہونے والوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایگل اسکواڈ پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکاروں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کچلاک میں ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp