لاہور میں اسموگ کا بھارت 30 فیصد، ہم خود 70 فیصد ذمہ دار ہیں، مریم اورنگزیب

جمعہ 25 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں اسموگ کا بھارت 30 فیصد ذمہ دار ہیں، باقی 70 فیصد اسموگ میں ہمارا اپنا کردار ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں 45 لاکھ موٹربائیکس سڑکوں پر چلتی ہیں، شہر اور اطراف میں 1200 بھٹے اور 6 ہزار 800 سے زائد انڈسٹریل یونٹس چل رہے ہیں، اسموگ کا یہ تیسرا مرحلہ ہے، اسموگ ایسے ہی نہیں آجاتی، ہم خود لاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑھتی ہوئی اسموگ، لاہور میں اسکول کے اوقات میں تبدیلی، نئی ہدایات میں مزید کیا ہے؟

صوبائی وزیر نے بتایا کہ لاہور میں مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ، شاد باغ، گلشن راوی اور بادامی باغ پر ایئر کوالٹی انڈیکس زیادہ ہے، اس کے علاوہ سرکلر روڈ، شملہ پہاڑی اور دیگر علاقوں میں بھی ایئر کوالٹی انڈیکس پریشان کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے کوئی کوتاہی نہیں برتے گی، 365 دنوں میں سے 275 دن ہمارے لیے مضرصحت ہیں، عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، آلودگی پھیلانے پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں، اس سلسلے میں غیرقانونی بھٹوں کو مسمار کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اسموگ کا باعث بننے والے بھٹے بنا نوٹس دیے ڈھانے کا حکم

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 6 ماہ میں ماحولیات کی بہتری کے لیے کام کیا ہے، صوبہ بھر میں جائزہ لینے کے لیے 50 سے زائد بھٹوں کے دورے کیے، پہلی بار 700 بھٹوں کو نوٹسز کے بعد مسمار کیا گیا جبکہ آلودگی پھیلانے والے بھٹوں کو 97 ملین روپے کے جرمانے کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لے رہے ہیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اب سڑک پر نہیں چل سکیں گی، حکومت پلاسٹک بیگز کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کرچکی ہے، پنجاب کے عوام سے گزارش ہے کہ پلاسٹک بیگز کا استعمال نہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp