سنگجانی میں قیدی وینز پر فائرنگ اور پی ٹی آئی کارکنوں کے فرار پر پارٹی رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قیدی وینز پر فائرنگ وفاقی حکومت کی سازش ہے۔
پی ٹی آئی رہنما و سابق ناظم اعلی پشاور ارباب عاصم نے کہا ہے کہ سنگجانی میں قیدی وینز پر فائرنگ وفاقی حکومت کی سازش ہے، پی ٹی آئی ایم پی ایز اور کارکن فرار نہیں ہوئے۔
مسلح افراد کا پولیس وینوں پر حملہ، پی ٹی آئی کے 3 ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار
ارباب عاصم کا کہنا ہے کہ کارکنوں سے رابطہ ہوا ہے، کارکنوں نے کہا ہے کہ فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، ایم پی ایز اور کارکنوں پر مزید جعلی کیسز بنانے کے لیے یہ ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں، قیدیوں کی وین میں معاون خصوصی ملک لیاقت بھی سوار تھے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 80 سے زائد افراد کو آج سنگجانی تھانے کے ایک مقدمے میں عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے تمام افراد کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا تھا، جس پر ان تمام افراد کی گرفتاری تھانہ سیکریٹریٹ کے ایک مقدمے میں ڈال دی گئی۔
تھانہ ترنول کے SHO شبیر ترنولی نے قیدیوں کی وینز پر حملہ کیا ہے ہمارے لوگوں کو قیدیوں کی گاڑیوں سے باہر نکال کر زبردستی بھگانے کی کوشش کی جا رہی ہے ,لیکن وہ نہیں بھاگ رہے قیدیوں میں ہمارے ایم پی ایز اور سرکاری ملازمین ہیں, شیخ وقاص اکرم pic.twitter.com/yRo3wmF5aq
— WE News (@WENewsPk) October 25, 2024
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ان افراد کو اٹک جیل لے جایا جارہا تھا، 26 نمبر چونگی پر ان کو لایا گیا اور وہاں ایک ایس ایچ او نے پولیس وین کا شیشہ توڑا اور تمام افراد کو گاڑیوں سے نکال کر پولیس کی باقی گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے، تمام افراد کو کہا گیا کہ آپ بھاگیں، تاہم تمام افراد کھڑے رہے کہ وہ نہیں بھاگیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ جیل سے قیدیوں کا فرار، آئی جی جیل خانہ جات کا ایک ماہ قبل لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا
یاد رہے کہ جمعے کے روز سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کو اٹک جیل لے جانی والی پولیس وین پر نا معلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 3 ایم پی ایز سمیت متعدد قیدیوں کو فرار کروا دیا تھا، قیدی وینز میں 82 پی ٹی آئی کارکنان سمیت 187 قیدی سوار تھے۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔